پرویز احمد
سرینگر //جموں و کشمیر میں پچھلے چند دنوں سے متاثرین کی تعداد میں اضافہ کے ساتھ ہی کورونا وائرس کی واپسی ہوئی ہے اور گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کے شعبہ کیمونٹی میڈسن نے لوگوں کو بھیڑ بھاڑ، شادیوں اور سماجی اجتماعات میں احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے۔ گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کے شعبہ کیمونٹی میڈسن کے سربراہ ڈاکٹر محمد سلیم خان نے بتایا ’’ پچھلے 4دنوں سے کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور متاثرین کی تعداد 30سے زیادہ ہوگئی ہے جو چند دن قبل 10سے کم ہوتی تھی‘‘۔انہوں نے کہا ’’ خوشی کی بات یہ ہے کہ نئی کوئی ہیت نہیں آئی ہے اور اس لئے جو لوگ وائرس سے متاثر ہورہے ہیں ، ان میں کافی ہلکی علامتیں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو شادی، سماجی تقریبات اور بھیڑ بھاڑ والے علاقوں میں گزرتے وقت احتیاط برتنی چاہئے اور ماسک کا استعمال پھر سے دوبارہ شروع کردینا چاہئے۔ اس دوران سوموار کو کورونا وائرس سے 37دنوں کے بعد جموں و کشمیر میں ایک متاثرہ شخص کی جان گئی ہے جبکہ 19افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ جموں و کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 4لاکھ 54ہزار 520ہوگئی ہے ۔ متوفین کی تعداد بڑھ کر 4753ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر میں سوموار کو کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے6ہزار 988ٹیسٹ کئے گئے جن میں 19افراد کی رپورٹیں مثبت قرار دی گئی ہیں۔ مثبت قرار دئے گئے 19افراد میں جموں میں7جبکہ کشمیر میں 12افراد متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر صوبے کے 8اضلاع جن میں بارہمولہ، بڈگام پلوامہ، اننت ناگ، بانڈی پورہ، گاندربل، کولگام اور شوپیان میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر 2اضلاع میں 12افراد کو مثبت قرار دیا گیا ہے۔ مثبت قرار دئے گئے 12افراد میں سرینگر میں 5جبکہ سرحدی ضلع کپوارہ میں 7افراد کی پورٹیں مثبت آئی ہیں۔ کشمیر صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2لاکھ 87ہزار 866ہوگئی ہے۔ اس دوران وادی میں مسلسل38ویں دن بھی کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2424بنی ہوئی ہے۔ جموں صوبے کے7اضلاع میںجن میں راجوری، پونچھ، کٹھوعہ، کشتواڑ، رام بن، ڈوڈی اور ریاسی میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر 3ااضلاع میں 7افراد مو مثبت قرار دیا گیا ہے جن میںضلع جموں میں5، ادھمپور میں ایک جبکہ سانبہ میں ایک کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 66ہزار654ہوگئی ہے۔ اس دوران جموں صوبے میں 64دنوں کے بعد ایک شخص کورونا وائرس سے فوت ہوگیا ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2329ہوگئی ہے۔ اس سے قبل 14مئی کو وادی میں ایک شخص کورونا وائرس سے فوت ہوا تھا۔