عظمیٰ نیوز سروس
جموں// حال ہی میں کنٹرول لائن کے ساتھ سرحد پار سے فائرنگ اور آئی ای ڈی حملے کے کئی واقعات کے درمیان، جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کو کہا کہ ہندوستانی فوج سرحدوں پر کسی بھی قسم کی صورتحال سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے اور دشمن کی طاقتوں کو منہ توڑ جواب دے رہی ہے۔انہوں نے یہ بھی زور دے کر کہا کہ انسداد ملی ٹینسی کی کارروائیوں میں کوئی تعطل نہیں آئے گا کیونکہ سیکورٹی اداروں کو اس لعنت کا صفایا کرنے اور خطے میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے واضح ہدایات دی گئی ہیں۔سنہا نے یہاں کھیلوں کے ایک پروگرام کے موقع پر نامہ نگاروں کو بتایا، “ہندوستانی فوج پوری طرح سے قابل ہے اور سرحد پر مناسب جواب دے رہی ہے۔”وہ جموں خطہ میں لائن آف کنٹرول پر حالیہ واقعات کے بارے میں ایک سوال کا جواب دے رہے تھے جہاں 11 فروری کو جموں خطے کے اکھنور سیکٹر میں مشتبہ ملی ٹینٹوں کے ذریعہ کئے گئے دیسی ساختہ بم(آئی ای ڈی) حملے میں ایک کیپٹن سمیت دو فوجی اہلکار مارے گئے تھے۔جب سے 25 فروری 2021 کو ہندوستان اور پاکستان نے جنگ بندی معاہدے کی تجدید کی ہے تب سے جموں کشمیر میں سرحدوں پر جنگ بندی کی خلاف ورزی شاذ و نادر ہی ہوئی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیاں قریبی ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہی ہیں اور انہیں دہشت گردی کا صفایا کرنے اور اس ماحولیاتی نظام کو ختم کرنے کے لیے واضح ہدایات دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ “انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں کوئی وقفہ نہیں ہوگا کیونکہ جموں و کشمیر میں امن و سکون کو برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے۔” منوج سنہا نے کہا کہ اس سلسلے میں کارروائیاں لگاتار جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر میں امن و شانتی کی قیام کے لئے پر عزم ہے۔