عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //پارلیمانی امور اور اقلیتی امور کے مرکزی وزیر کرن رجیجو نے کہا کہ جموں و کشمیر انتظامیہ اور اقلیتی امور کی وزارت کے درمیان تال میل کی کمی نے سکیموں کے نفاذ اور فنڈز کی تقسیم کو متاثر کیا ہے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے، رجیجو نے کہا کہ وزارت سے متعلق میٹنگیں ہوئیں، اور جموں و کشمیر کے محکمہ سماجی بہبود کے افسران نے جاری سکیموں کے بارے میں اپ ڈیٹ فراہم کیا”۔ انہوں نے کہا کہ کافی فنڈنگ نہیں تھی،میں نے دیکھا ہے کہ مسئلہ کہاں ہے۔رجیجو نے کہا کہ منصوبوں اور سکیموں کو پورٹل پر اپ لوڈ کرنا ضروری ہے اس سے پہلے کہ ان پر فنڈنگ کے لیے غور کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ وزارت کا مقصد صحت، تعلیم اور کھیلوں کے شعبوں کے ساتھ ساتھ مقامی دستکاری اور ہینڈلوم میں مدد فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بعض علاقوں میں پینے کے پانی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ایک پروجیکٹ تجویز کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دو کلیدی اسکیمیں ،پردھان منتری جن وکاس کاریاکرم اور پی ایم وکاس، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور ہنر کی تربیت میں مرکزی کردار ادا کرتے ہیں۔رجیجو نے مزید کہا کہ 18 اضلاع کے لیے سکیمیں تیار ہیں اور انہیں ترجیح دی جائے گی۔ چیف سیکرٹری کی سربراہی میں ایک کمیٹی ہے۔ وہ اس منصوبے کی وضاحت کریں گے اور پھر ہم سے بات کریں گے۔