نیوز ڈیسک
سرینگر//وادی بھر میں کشمیر کے بیشتر مقامات پر رات کا درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا۔ محکمہ موسمیات نے خشک موسم کے پیش نظر اگلے چند دنوں میں کم سے کم درجہ حرارت میں مزید کمی کی پیش گوئی کی ہے۔حکام نے بتایا کہ جمعہ کی برف باری کے بعد خشک موسم کے پیش نظر، ہفتہ کی رات وادی میں زیادہ تر مقامات پر کم سے کم درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ سرینگر میں ہفتے کی رات منفی 0.6 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔ قاضی گنڈ میں منفی 0.7 ، کوکرناگ میں منفی 1.4، کپواڑہ میں منفی 1.3 ، پہلگام میں منفی 10.9 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا ،جو جموں و کشمیر میں ریکارڈ کی گئی سب سے سرد جگہ تھی۔ گلمرگ میں گزشتہ رات کے منفی 11 ڈگری سیلسیس سے تھوڑا سا بڑھ کر منفی 10.4 ڈگری سیلسیس پر جا پہنچا۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ 18 جنوری تک جموں و کشمیر میں موسم بنیادی طور پر خشک رہے گا۔ اس وقت تک رات کے درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہوگی۔تازہ مغربی ہوائیں 19 سے 25 جنوری تک جموں کشمیرکو متاثر کرنے کا امکان ہے۔ 23 اور 24 جنوری کے درمیان ہلکی سے درمیانی بارش یا برفباری ہوسکتی ہے۔