نیوز ڈیسک
سری نگر// محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق جموں و کشمیر اور لداخ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موسمی صورتحال دگرگوں رہی، میدانی علاقوں میں شدید بارشیں اور بالائی علاقوں میں تازہ برف باری ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات نے اتوار کو کہا کہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور برف باری جاری رہے گی۔
دریں اثناءجموں و کشمیر اور لداخ کے اونچے علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تازہ برفباری ہوئی ہے۔ امرناتھ ، گلمرگ کی عفروت پہاڑیوں، زوجیلا پاس اور دیگر اونچی جگہوں پر برف باری ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے کہا، “اگلے 24 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر اور لداخ میں ہلکی بارش/برفباری کا امکان ہے”۔
اسی دوران سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 12.6، پہلگام 7.7 اور گلمرگ میں 3.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
لداخ کے علاقے میں، دراس شہر میں رات کا سب سے کم درجہ حرارت 4.2، لیہہ 5.2 اور کرگل میں 10.2 درج کیا گیا۔
جموں میں 19.7، کٹرہ 18.2، بٹوت 10.3، بانہال 9.6 اور بھدرواہ میں 10 درجہ حرارت کم سے کم ریکارڈ کیا گیا۔