سرینگر //جموں و کشمیر میں جمعہ کو 163سفر کرنے والوں سمیت ریکارڈ 3532افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 76ہزار کا ہندسہ پار کرکے 1لاکھ 76ہزار 83تک پہنچ گئی ہے۔ اس دوران مزید 30افراد کو وائرس نگل گیا ہے اور متوفین کی مجموعی تعداد 2283تک پہنچ گئی ہے۔ پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 42ہزار ٹیسٹ کئے گئے جن میں بیرون ریاستوں اور ممالک سے جموں و کشمیر آنے والے 163افراد سمیت 3532افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں جن میں 1172جموں جبکہ 2360کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔ کشمیر سے تعلق رکھنے والے 2360متاثرین میں بیرون ریاستوں اورممالک کا سفر کرکے 64افراد کشمیر پہنچے جبکہ 2296افراد مقامی سطح پر وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ تازہ 2360متاثرین میں سرینگر میں 932، بارہمولہ میں 316، بڈگام میں 160، پلوامہ میں 110، کپوارہ میں 206، اننت ناگ میں 239، بانڈی پورہ میں 50، گاندربل میں 77، کولگام میں 165 اور 105شوپیان ضلع میں متاثر ہوئے ہیں ۔کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 6ہزار559تک پہنچ گئی ہے۔ اس دوران وادی مزید 13افراد وائرس سے فوت ہوگئے جن میں 5سکمز، 3صدر اسپتال، 2سی ڈی اسپتال ڈلگیٹ، ایک رعناواری اسپتال اور ایک جی ایم سی اننت ناگ میں فوت ہوا ہے۔ سکمز صورہ میںمرنے والوں میں شنکر پورہ اننت ناگ کی 25سالہ خاتون، صفا پورہ بانڈی پورہ کا 78سالہ معمر شخص، شیو پورہ کا 65سالہ شخص، مگرمل باغ کا 55سالہ شخص اور بر بر شاہ سرینگر کا 86سالہ معمر شخص شامل ہے۔ صدر اسپتال سرینگر میں مرنے والوں میں نایک باغ نتی پورہ کا 60سالہ معمر شخص، عیدگاہ کی 55سالہ خاتون اور بٹہ مالو کا 45سالہ نوجوان شامل ہے۔ سی ڈی اسپتال ڈلگیٹ میں مرنے والے 2افراد میں باغ مہتاب کی 65سالہ خاتون اور راج باغ سرینگر کا 95سالہ معمر شخص شامل ہے۔ اس کے علاوہ رعناواری میں ایک اور جی ایم سی اننت ناگ میں ایک شخص فوت ہوا ہے۔ جموں میں جمعہ کو مزید 1172افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں جن میں سے 99سفر کرکے جموں پہنچے جبکہ 1073افراد مقامی سطح پر وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے کے تازہ 1172متاثرین میں ضلع جموں میں 495، ادھمپور میں 125، راجوری میں 33، ڈودہ میں 37، کٹھوعہ میں 95، سانبہ میں 82، 13کشتواڑ، پونچھ میں 42، رام بن میں 74اور ریاسی میں 76افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 69ہزار524تک پہنچ گئی ہے۔ اس دوران صوبے میں مزید 17افراد وائرس سے فوت ہوئے ہیں جن میں جی ایم سی جموں میں 9، جی ایم سی راجوری میں 2، ڈی ایم سی لدھینہ میں ایک، راج اسپتال پٹھانکوٹ میں ایک جبکہ 4افراد کو گھروں میں فوت ہونے کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کو مردہ قرار دیا ۔ جموں صوبے میں متوفین کی مجموعی تعداد 889تک پہنچ گئی ہے۔