جموں وکشمیر میں کورونا سے 150متاثر، ایک فوت

 سرینگر //جموں و کشمیر میں سوموار کو مسلسل چوتھے دن بھی اموات کا سلسلہ جاری رہا ۔ پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے وادی میں ایک اور شخص فوت ہوگیا ۔ جموں و کشمیر میں متوفین کی مجموعی تعداد 4476ہوگئی ہے۔ اس دوران پچھلے24گھنٹوں  میں کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 46ہزار297ٹیسٹ کئے گئے جن میں 6مسافروں سمیت مزید 150افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ جموں و کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 3لاکھ 36ہزار681تک پہنچ گئی ہے۔ جموں و کشمیر میں کورونا وائرس سے مزید 150افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں جموں میں 28اور کشمیر میں 122کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ کشمیر میں مثبت قرار دئے گئے 122افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر میں مثبت قرار دئے گئے 122افراد میں سب سے زیادہ سرینگر میں 48، بارہمولہ میں 23، بڈگام میں  16، پلوامہ میں 4، کپوارہ میں 6،اننت ناگ میں 2، بانڈی پورہ میں 14، گاندربل میں 7، کولگام میں 1اور شوپیان میں 1شخص متاثر ہوا ہے۔ وادی میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2لاکھ 11ہزار 665ہوگئی ہے۔ اس دوران پیر کو وادی میں مزید ایک شخص کورونا وائرس سے فوت ہوگیا ہے۔ فوت ہونے والے شخص کا تعلق وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع سے ہے۔ وادی میں متوفین کی مجموعی تعداد 2291ہوگئی ہے۔ جموں صوبے کے ادھمپور، کٹھوعہ، سانبہ اور رام بن میںکسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ جموں صوبے کے دیگر 6اضلاع میں 28افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ جموں صوبے میں مثبت قرار دئے گئے 28افراد میں 6بیرون ریاستوں سے سفر کرکے وادی پہنچے جبکہ دیگر 22افراد مقامی سطح پر رابطے  میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموںصوبے کے 28متاثرین میں ضلع جموں میں 15، راجوری میں 2، ڈوڈہ میں 3، کشتواڑ میں 2، پونچھ میں 2 جبکہ ریاسی میں 4افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 25ہزار کا ہندسہ پار کرکے ایک لاکھ 25ہزار 16تک پہنچ گئی ہے۔ اس دوران جموں صوبے میں مسلسل تیسرے دن بھی وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ جموں صوبے میں متوفین کی مجموعی تعداد 2185بنی ہوئی ہے۔ 
 
 

ملک میں 8309مثبت، ہلاکتیں 236

نئی دہلی/یو این آئی/ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس (کووڈ19 )کے نئے کیسز سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ گئی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔ اتوار کی آدھی رات تک ملک میں ہلاکت خیز کورونا وائرس کے 8309 نئے کیسز درج ہوئے ۔ اس کے ساتھ ہی کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد تین کروڑ 45 لاکھ 80 ہزار 832 ہو گئی ہے ۔ اس دوران 9905 مریضوں کے صحت یاب ہونے کے بعد مہلک وبا کو شکست دینے والوں کی تعداد تین کروڑ 40 لاکھ 8 ہزار 183 ہوگئی۔اسی عرصے کے دوران کورونا وائرس کے ایکٹیو کیسز 1832 سے گھٹ تعداد 103859 رہ گئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مہلک وائرس سے مزید 236 مریضوں کی موت کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد چار لاکھ 68 ہزار 790 ہو چکی ہے ۔
 
 

بھارت میں ابھی’ اومیکرون‘ وائرس نہیں

تمام ریاستوں کو ٹیسٹنگ اور نگرانی میں اضافہ کرنیکی ہدایت

نیوز ڈیسک
 
سرینگر //مرکزی سرکاری نے کہا ہے کہ اومیکرون نامی نئی ہیت کا کوئی بھی وائرس بھارت میں نہیں پایا گیا ہے۔ اومی کرون (B.1.1.529 )نامی وائرس پچھلے ہفتے جنوبی افریقہ میں پایا گیا اورعالمی ادارہ صحت نے مذکورہ وائرس ’’ Virus of Concern‘‘قرار دیا ہے ۔ مرکزی سرکار نے بتایا کہ اومی کرون وائرس کی نئی ہیت ابھی بھارت میں نہیں پائی گئی ہے جبکہ بھارت میں پیدا ہونے والے INSACOG  ہیت پر گہری نظر رکھی جارہی ہے۔ تیزی سے پھیلنے والے اومی کرون وائرس کے بھارت میں لوگوں میں تیزی سے پیدا ہونے والے خدشات کے بیچ مرکزی سرکار نے اتوار کو تمام ریاستوں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اومی کرون کیلئے نئے قوائد و ضوابط وضع کرے اور زیادہ خطرے والے ممالک کا سفر کرنے والے لوگوں پر ان قوائد کا سختی سے نفاذکیا جائے ۔میٹنگ میں بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے پر بھی نظر ثانی کی گئی۔ خطرے والے ممالک میں یورپی ممالک کے علاوہ برطانیہ، جنوبی افریقہ ، برازیل، بنگلہ دیش، بوٹو سوانہ، چین، ماریشس، نیو زی لینڈ، زمباوے، سنگا پور، ہانگ کانگ اور اسرائیل شامل ہیں۔ ادھر مرکزی سرکار کے عین ہدایت کے مطابق اومی کرون وائرس کو قابو کرنے کیلئے ٹیسٹنگ اور ہاٹ اسپاٹ کی نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔  مرکزی حکومت نے ہدایت دی ہے کہ بیرون ملک سے آنے والے تمام مسافروں اور خطرناک زمرے والے ممالک سے آنے والے مسافروں کی ٹیسٹنگ مناسب طریقہ سے کی جائے۔وزارت صحت نے اتوار کے روز بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ ضروری ہے کہ اس پر مؤثر طریقہ سے قابو پانے کے لئے سخت کنٹرول، فعال نگرانی، ٹیکہ کاری کی رفتار میں اضافہ اور کورونا پروٹول کو نافذ کرنا جیسے اقدامات اٹھائے جانے چاہئیں‘‘۔تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو مرکزی حکومت کے بھیجے گئے مکتوب میں کہا گیا ہے کہ ’’بیرون ملک سے آنے والے تمام مسافروں اور خطرناک زمرے والے ممالک سے آنے والے مسافروں کی ٹیسٹنگ مناسب طریقہ سے انجام دی جائے۔ مثبت پائے جانے پر نمونے انساکوگ لیب میں بھیجا جائے۔ جن ریاستوں میں ٹیسٹنگ کم کی جا رہی ہے، وہاں ٹیسٹنگ میں اضافہ کریں۔ خیال رہے کہ کورونا کا نیا ویرینٹ پائے جانے کے بعد وزارت صحت نے دوسری مرتبہ ریاستیوں کے لئے ہدایت جاری کی ہیں۔