بلال فرقانی
سرینگر// جموں وکشمیر میں 2برسوں کے بعد شب قد ر کی تقریب مذہبی جوش و جذبہ کیساتھ منائی گئی۔ سرینگر کے آثارشریف درگاہ حضرتبل،سعید صاحب سونہ وار اورشہر وقصبہ جات کی مرکزی جامع مساجد اورخانقاہوں میں شب خوانی کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے اورلاکھوں فرزندان ِ توحید پوری رات عبادات میں محورہے۔ لیکن حکام نے مرکزی جامع مسجد سرینگر میں شب خوانی کی تقریب کی اجازت نہیں دی۔ گزشتہ دو برسوں کے دوران وبائی بیماری کویڈ کے نتیجے میں وادی کی بڑی مساجد اور خانقاہوں میں اجتماعی طور پر شب قدر کی تقاریب نہیں ہو پائی تھیں۔ مساجد ،خانقاہوں، درگاہوں میں پر وقار شب خوانی کی مجالس کا اہتمام کیا گیا۔شب قدر میں مرو زن نے رات بھر نماز تراویح ادا کرنے کے ساتھ ساتھ پوری رات قرآن خوانی ، درس قرآن و احادیث ، نوافل کی ادائیگی میں گزاری۔ شب قدر کی مناسبت سے وادی میں سب سے بڑے اور عظیم الشان اجتماعات درگاہ حضرت بل،جناب صاحب صورہ،سعید صاحب صورہ،آثار شریف شہری کلاشپورہ،شیخ حمزہ مخدوم،بعقیہ عالیہ غوثیہ سرائے بالا،دستگیر صاحب خانیار،نقشبند صاحب خواجہ بازار،ایشاں صاحب،خانقاہ معلی سرینگر اور دیگر چھوٹی بڑی جامع مساجد میں منعقد ہوئے۔بارہمولہ ، کپوارہ ، بانڈی پورہ ، گاندربل، بڈگام ، کولگام ، پلوامہ ، شوپیان ، اننت ناگ کے ضلعی و تحاصیل صدر مقامات پر قائم مرکزی اور بڑی جامع مساجد کے ساتھ ساتھ خانقاہوں اور زیارت گاہوں میں بھی شب خوانی کی روح پرور مجالس کا اہتمام کیا گیا۔ اجتماعات کے سلسلے میں متعلقہ مساجد و خانقاہوں کی انتظامیہ کمیٹیوں نے اپنے طور پر خصوصی انتظامات کئے تھے۔
ایل جی کی تہنیت
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے شب قدر اور جمعتہ الوداع کے موقعہ پر عوام کو مبارک باد دی ہے۔ اپنے مبارک بادی کے پیغام میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یہ مقدس موقعہ اللہ تعالی کی رحمتوں اور بخششوں کے حصول، عاجزی، خیراتی اور انسانیت کی عظیم تر بھلائی کے لئے کام کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا، ’’میں دعا کرتا ہوں کہ یہ مبارک موقعہ جموں وکشمیر میں امن اور خوشحالی اور سب کی زندگیوں میں خوشی کی نویدلے آئے ‘‘۔