عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں وکشمیر اور لداخ کی6 لوک سبھا نشستوں کے نتائج چونکا دینے والے رہے ،کیونکہ جیل میں بند انجینئر رشید نے بارہمولہ حلقے سے سابق وزیر اعلیٰ نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمرعبداللہ اور پیپلزکا نفرنس چیئرمین سجادلون جیسے بااثر لیڈروں کو شکست دی جبکہ پی ڈی پی صدر ار سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو اننت ناگ راجوری نشست پر نیشنل کانفرنس کے میاں الطاف کے ہاتھوں کراری ہار کا سامنا کرنا پڑا۔سری نگر حلقے سے نیشنل کانفرنس کے اُمیدوار آغا رُوح اللہ نے کامیابی درج کی جبکہجموں اور ادھم پور کی دونوں سیٹوں پر بھاجپا اور آزاد امیدوار نے لداخ کی نشست حاصل کی۔ بارہمولہ لوک سبھا حلقے سے سابق ممبر اسمبلی اور عوامی اتحاد پارٹی کے صدر انجینئررشید نے ووٹوں کے بھاری فرق سے عمر عبداللہ کو ہرادیا جبکہ یہاں سے سجادلون تیسرے نمبرپر رہے ۔
انجینئررشید اورعمرعبداللہ کے درمیان ووٹوں کا فرق 2لاکھ سے زیادہ رہا ۔ انجینئررشید نے 4لاکھ 72ہزار481ووٹ حاصل کئے جبکہ عمرعبداللہ کو2لاکھ 68ہزار339ووٹ ملے تھے اور سجادلون کے حاصل کردہ ووٹوںکی تعدادایک لاکھ 73ہزار239تھی۔ انجینئررشید نے تقریباً5لاکھ ووٹ لیکرنزدیک ترین حریف عمرعبداللہ کو2لاکھ4ہزار142ووٹوں کے فرق سے ہرادیا۔اُدھر سرینگرکی سیٹ پر نیشنل کانفرنس کے اُمیدوار آغا روح اللہ کی جیت یقینی بنی۔ آغاروح اللہ کو کل 3لاکھ56ہزار866ووٹ ملے جبکہ اُن کے قریبی حریف پی ڈی پی کے اُمیدوار وحید الرحمان پرہ نے ایک لاکھ68ہزار450ووٹ حاصل کئے اور تیسرے نمبر پرموجود اپنی پارٹی اُمیدوار محمد اشرف میر کوکل 65ہزار954ووٹ ملے تھے ۔ اننت ناگ راجوری سیٹ پر نیشنل کانفرنس کے میاں الطاف کو5لاکھ 21ہزار 836 ووٹ ملے اوراُن کے قریبی مدمقابل اُمیدوار محبوبہ مفتی کو 2لاکھ 40ہزار 42 ووٹ حاصل ہوئے اور اپنی پارٹی کے اُمیدوار ظفرمنہا س نے کل ایک لاکھ42ہزار 195 ووٹ لئے تھے ۔دریں اثناء جموں خطے کی دونوں نشستوں جموں اور اودھم پور کو بی جے پی نے پھر جیت لیا ہے تاہم پارٹی کے دونوں اُمیدواروں کو سال2019سے کم ووٹ ملے ۔بی جے پی اور کانگریس کے انڈیا اتحاد کے امیدواروں کے درمیان جموں سیٹ پر سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ 2019 کے پارلیمانی انتخابات میں جموں پارلیمانی نشست پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار جگل کشور شرما نے 3 لاکھ سے زیادہ ووٹوں سے کانگریس امیدوار رمن بھلا کو شکست دی تھی۔ اس بار بھی یہی2 امیدوار ایک دوسرے کے مقابلے میں ہیں تاہم اس بار بھارتیہ جنتا پارٹی کو کانگریس امیدوار رمن بھلا نے سخت ٹکر دی۔ بھاجپا کے جگل کشور شرما کو6لاکھ 87ہزار 588 اوررمن بھلہ کو 5لاکھ 52ہزار 90 ووٹ ملے۔جموں خطہ کی ہی دوسری پارلیمانی نشست کٹھوعہ ادھم پور میں بھی کانگریس امیدوار چودھری لال سنگھ اور مرکزی وزیرمملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ کے درمیان کانٹے کی ٹکررہی۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ کو5لاکھ 71 ہزار76 ووٹ لیکر سرفہرست رہے جبکہ انکے قریبی مدمقابل کانگریس کے چودھری لال سنگھ نے 4 لاکھ 46 ہزار 703 ووٹ حاصل کئے اور آزاد پارٹی کے جی ایم سروڑی کو39ہزار 599 ووٹ ملے۔جموں کشمیر کی 5 لوک سبھا سیٹوں کے لیے100 امیدوار میدان میں تھے۔ادھر لداخ نشست پر آزاد امیدوار نے میدان مارا۔کرگل سے تعلق رکھنے والے آزاد امیدوار حاجی محمد حنیفہ جان نے 65ہزار 259ووٹ حاصل کئے جبکہ انکے مد مقابل لیہہ سے تعلق رکھنے والے کانگریس امیدوار سرنگ نمگیال نے 37ہزار 397اور بھاجپا کے تاشی گیالسن نے 31ہزار 956ووٹ حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی۔