سری نگر// جموں وکشمیر امپلائیز جوائنٹ ایکشن کمیٹی (جے کے ای جے اے سی) نے منگل کے روز یہاں پریس کالونی میں اپنے مطالبات خاص طور پر عارضی ملازمین کی نوکریوں کی مستقلی کے حق میں احتجاج درج کیا۔احتجاجی ’انقلاب زندہ باد‘، ’ایل جی تیری سرکار میں بچے بھوکے مرتے ہی‘ جیسے نعرے لگا رہے تھے۔
اس موقع پر ایک احتجاجی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم یہاں پریس کالونی میں اس لئے احتجاج کر رہے ہیں کہ سرکار عارضی ملازمین کی نوکریوں کی مستقلی کے لئے ایک واضح پالیسی بنائے۔
انہوں نے کہا کہ عارضی ملازمین اپنی زندگیوں کو داؤ پر لگا کر کام کرتے ہیں لیکن ان کے مسائل کو حل نہیں کیا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم جمہوری ملک میں رہتے ہیں اور ہم اپنے حقوق کے لئے آواز بلند کرتے رہیں گے۔
احتجاجی نے کہا کہ ملازمین سماج کا ایک اہم حصہ ہوتے ہیں اور وہ اپنے حقوق کی حفاظت کرنا بھی جانتے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایک عارضی ملازمین کی نوکریوں کی مستقلی کے لئے ایک پالیسی بنائی جائے اور دوسرے ان کی تنخواہوں کو واگذار کیا جائے۔