جموں میں ہیلتھ کیئر کا ڈھانچہ ختم

جموں// نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور صوبائی صدر جموں دیویندر سنگھ رانا نے کہا ہے کہ کورونا کیسز میں درج ہو رہے اضافے کے پیش نظرہنگامی  طبی حالات کااعلان کیا جانا چاہئے اور تمام سرکاری و نجی میڈیکل سہولیات کو استعمال میں لایا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ جب میڈیکل سہولیت دستیاب ہوتی ہے تب ہی کوئی مریض بچ پاتا ہے۔موصوف صدر نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا،’’جب مریض کو ہیلتھ کیئر سہولیت ملتی ہے تو وہ بچ جاتا ہے لیکن ہمارے یہاں بالخصوص جموں میں ہیلتھ کیئر کا ڈھانچہ ختم ہو چکا ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ جب ہمارے دو مراکز جموں اور سری نگر میں قائم بڑے ہسپتالوں میں ہیلتھ کیئر سہولیات نہیں ہوں گی تو لوگ کہاں جائیں گے۔رانا نے کہا کہ اس وقت سب سے زیادہ ضرورت آکسیجن کی ہے یہ ہر میڈیکل فیسلٹی پر دستیاب ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں ضرورت ہے کہ ہسپتالوں میں تمام تر سہولیات کو دستیاب رکھا جائے اور ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل عملے کی قلت کو دور کیا جائے۔موصوف نے کہا کہ جموں و کشمیر میں فوج اور دیگر سیکورٹی فورسز کے بھی اچھے ہسپتال قائم ہیں ہمیں ان کی بھی مدد لینی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر کورونا میں کھڑے رہنے والے ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل سٹاف، پولیس و دیگر لوگوں کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے اور ہمیں اپنی اپنی ذمہ داریوں کو بھی نبھانا چاہئے۔