نیوز ڈیسک
سرینگر// 226یاتریوں کا ایک گروپ بدھ کے روز بھگوتی نگر بیس کیمپ سے وادی کیلئے روانہ ہوا۔43 روزہ یاترا 30 جون کو جڑواں بیس کیمپوں سے شروع ہوئی ہے۔حکام نے بتایا کہ سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی بھاری حفاظت کے درمیان 34 واں قافلہ9گاڑیوں میں روانہ ہوئی۔حکام کے مطابق بالتل جانے والے 74 یاتری 3 گاڑیوں میں سب سے پہلے روانہ ہوئے اور اس کے بعد 6 گاڑیوں کا دوسرا قافلہ 152 یاتریوں کو لے کر پہلگام روانہ ہوا۔29 جون سے کل 1,43,919 یاتری وادی کشمیر کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔یہ یاترا 11 اگست کو رکشا بندھن کے موقع پر ختم ہونے والی ہے۔جاری امرناتھ یاترا کے دوران اب تک کل 51 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔
ادھر جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر اور امرناتھ جی شرائن بورڈ چیئرمین منوج سنہا نے خراب موسم کی پیش گوئی کا حوالہ دیتے ہوئے تمام یاتریوںسے 5 اگست سے پہلے درشن کرنے کی اپیل کی ہے۔سنہا نے کہا”کئی علاقوں میں شدید بارش ہوئی ہے، میں تمام عقیدت مندوں سے گزارش کرنا چاہوں گا کہ وہ 5 اگست سے پہلے امرناتھ کا دورہ کریں، کیونکہ اس کے بعد مزید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے‘‘ ۔سنہا نے کہا کہ محکمہ موسمیات نے 5 اگست سے بھاری بارش کی پیش گوئی کی ہے اور اس سے یاتریوں کو تکلیف ہو سکتی ہے۔