جموں سرینگر قومی شاہراہ بند، پروازیں منسوخ

 محمد تسکین

بانہال// جموں-سرینگر قومی شاہراہ منگل کو دوسرے دن بھی مسدود رہی جس کے دوران رام بن ضلع میں ایک درجن سے زیادہ مقامات پر پسیاں اور پتھر گر آئے۔ ٹریفک حکام نے بتایا کہ خراب موسم نے رام ن اور بانہال کے درمیان متاثرہ علاقوں میں سڑک کی صفائی کے کاموں میں رکاوٹ ڈالی۔ ٹریفک کنٹرول یونٹ حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ناشری ٹنل اور بانہال کے درمیان شاہراہ ایک درجن سے زائد مقامات پر پسیوں، پتھروں اور کیچڑ کے ملبہ کی وجہ سے بند ہے اور آج سہ پہر کے بعد موسم میں بہتری آتے ہی ڈھلواس سمیت شاہراہ کے رام بن بانہال سیکٹر میں کئی مقامات پر بحالی کا کام شروع کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ شدید بارشوں کی وجہ سے ڈھلواس ، پیڑاہ ، کرول ، مہاڑ ، کیفٹریا موڑ ، ترشول موڑ ، سیری، T2(ٹنل)، کیلا موڑ ،ہنگی ماروگ ، بیٹری چشمہ ، رامسو ، گانگرو ،کشتواڑی پتھر، شالگڑی ، چملواس، رام پیاری، تبیلا اور موم پسی بانہال کے مقامات پر پسیاں اور پتھر گر آئے، جس کی وجہ سے شاہراہ پر کسی بھی طرح کی آمد و رفت ممکن نہیں بن سکی۔ ادھر کپواڑہ ضلع میں کیرن اور مژھل سڑکوں کو جوڑنے والی سڑکیں، اننت ناگ سنتھن اور مغل روڑ کے علاوہ لداخ اور گریز شاہرائیں بھی بند ہیں۔
پروازیں منسوخ
سرینگر// سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر منگل کو کئی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، اور خراب موسمی حالات کے پیش نظر آپریشن مکمل طور پر معطل ہوا۔ سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ڈائریکٹر جاوید انجم نے بتایا کہ خراب موسم کی وجہ سے کئی پروازیں منسوخ کر دی گئی ، اور منسوخیوں کی صحیح تعداد ظاہر نہیں کی جا سکتی۔انہوں نے کہا کہ انڈیگو اور دیگر کی کئی پروازیں اسٹینڈ بائی موڈ پر ہیں اور سرینگر میں شدید برف باری کے پیش نظر آپریشن مکمل طور پر معطل رہاہے۔