عظمیٰ نیوز سروس
جموں//جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی انفرادی کارکردگی اب تک کی سب سے کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے کیونکہ جموں خطہ میں اس کے 29 امیدواروں میں سے صرف ایک ہی جیتنے میں کامیاب ہو سکا، جب کہ اس کے اہم رہنما بشمول دو کارگزار صدور ہار گئے۔ این سی کے ساتھ قبل از انتخابات اتحاد میں اس نے جموں علاقے میں علاقائی پارٹی کے 51 کے مقابلے میں32 امیدوار کھڑے کئے ۔ مزید برآں، سی پی آئی (ایم)اور پینتھرس پارٹی کو ایک ایک سیٹ الاٹ کی گئی ۔ کانگریس اور این سی دونوں کا پانچ سیٹوں پر ‘دوستانہ مقابلہ’ تھا۔جموں خطہ میں، کانگریس 2014 میں کل پانچ سیٹوں کے مقابلے میں صرف راجوری سیٹ جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ کانگریس کے افتخار احمد نے 28ہزار923 ووٹ حاصل کرنے کے بعد اپنے قریبی حریف بی جے پی کے وبود گپتا کو 1,404 ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔این سی نے سیٹ شیئرنگ کے معاہدے کے مطابق اس حلقے سے کوئی امیدوار کھڑا نہیں کیا تھا۔تاہم، کانگریس کشمیر میں 5 نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوئی۔جموں خطے میں کانگریس لیڈروں کی کارکردگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس کے زیادہ تر سینئر لیڈران بشمول دو ورکنگ صدور، پردیش کانگریس کے ایک سابق صدر اور کئی وزرا کو بی جے پی کے حریفوں نے ہرایا۔ہارنے والوں میںسابق سپیکر اور نائب وزیر اعلیٰ یارا چند بھی شامل ہے۔