قاضی گنڈ میںریکارڈ درجہ حرارت 34ڈگری اور جموں میں 42.8ڈگری درج
سرینگر//جموں و کشمیر میں پارہ ریکارڈ توڑرہا ہے، جہاں وادی میں مئی کے مہینے میں سب سے زیادہ درجہ حرارت درج کیا جارہا ہے وہیں جموں میں سورج آگ اگل رہا ہے۔پیر کو قاضی گنڈ میں مئی کے مہینے کے دوران اب تک کا سب سے زیادہ دن کا درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جبکہ پہلگام اور کوکرناگ نے بالترتیب پچھلے 23 اور 22 سالوں میں دوسرا گرم ترین دن رہا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ قاضی گنڈ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جس نے 43 سال کا گزشتہ سب سے زیادہ ریکارڈ توڑ دیا جب 31 مئی 1981 کو دن کا پارہ33.6 ڈگری درج کیا گیا تھا۔پہلگام میں مئی کے دوران اب تک کا دوسرا سب سے زیادہ درجہ حرارت درج ہوا ہے جب پارہ 28.6 تک پہنچ گیا اور یہ اب تک کی بلند ترین سطح سے ایک ڈگری سیلسیس سے کم تھا،جو 23مئی 2000 کو دیکھا گیا جب زیادہ سے زیادہ 30.8 تھا۔
انہوں نے کہاکہ کوکرناگ میں 31.6 پر دوسرا سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا اور یہ گزشتہ 22 سالوں میں سب سے زیادہ تھا کیونکہ 15 مئی 2001 کو پارہ 32.6 کو چھو گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ 34.6 پر، بھدرواہ نے 23 سالوں میں اپنا سب سے زیادہ دن کا درجہ حرارت ریکارڈ کیا، جو 26 مئی 2024 کو 34.7 اور 30 مئی 2000 کو 37.6 سے صرف ایک درجہ کم تھا۔انہوں نے کہا کہ جموں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42.8 ڈگری سینٹی گریڈ، کٹرہ میں 39 ، سرینگر میں 32.2 ، کپواڑہ میں 30.9 اور گلمرگ میں 22.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔پیش گوئی کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 29 مئی تک عام طور پر خشک موسم کی توقع ہے یہاں تک کہ الگ تھلگ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ 30-31 مئی تک، جزوی طور پر ابر آلود موسم کی توقع ہے ۔1-2 جون تک، موسم جزوی سے عام طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور 3-5 جون تک، عام طور پر خشک موسم ر ہے گا۔انہوں نے کہا کہ اگلے 7 دنوں کے دوران جموں ڈویژن کے میدانی علاقوں میں گرمی کی لہر یا گرم اور خشک موسم میںکوئی مہلت متوقع نہیں ہے۔اس کے ساتھ ہی، انہوں نے کہا، 30-31 مئی اور 1-2 جون کے دوران کشمیر ڈویژن کے بیشتر حصوں کے ساتھ ساتھ جموں ڈویژن کے چند پہاڑی علاقوں میں گرمی کی لہر/گرم اور خشک موسمی حالات سے ہلکی سی راحت کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ”3 جون کے بعد گرمی کی لہر کا ایک اور سلسلہ متوقع ہے،” ۔