جمعتہ الوداع پر خانقاہِ معلی میں تقریب منعقد

سرینگر//سرینگر کے تاریخی خانقاہِ معلی حضرت میر سید علی ہمدانی ؒ بانی اسلام کشمیر میں کل نمازِ جمعتہ الوداع پر فرزندان توحید کی ایک بڑی جمعیت نے شرکت کی۔ نمازِ جمعہ سے قبل مولانا ریاض احمد ہمدانی نے جمعتہ الوادع کی فضیلت، شانِ نزول قرآن مجید، شہرالقرآن، شہرالفرقان ، رمضان المقدس کے تینوں عشروں پر وعظ و تبلیغ فرماتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید جو ہمارے پیغمبر آخر زمانؐ پر نازل ہوا اور جو اللہ کی مقدس اور آخری کتاب ہے۔ یہ قرآن پاک پوری عالم انسانیت کی بقاء اور فرزندان توحید کیلئے ضابطہ حیات ہے۔ اس لئے مسلمانوں کو ہمیشہ اپنے بچوں کو ابتداء سے ہی تعلیم قرآن سے آراستہ کرنا چاہئے اور احادیث مبارک سے بھی منور کرنا چاہئے۔ اسی میں ہمارے دو جہاں کی کامیابی اور کامرانی کا راز مضمر ہے۔اس موقعے پر فلسطینی عوام کیساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کیا اور عالم اسلام کی سربلندی ، عالمیت انسانیت کی باقاء اور ریاست کے لوگوں کی خوشحالی کیلئے دعا مانگی گئی۔دریں اثناء  مولانا ریاض احمد ہمدانی آج 24رمضان المبارک کوحبہ کدل میںمسجد شریف زیارت حضرت زین الدین علی دارؒ میں 12بجے دن کے بعد ہی رمضان المبارک کے تیسرے عشرے کے سلسلے میں وعظ و تبلیغ فرمائیں گے ۔