جمعتہ الوداع ، شب قدر اور عید الفطر پرلازمی سہولیات دستیاب رکھیں: ساگر

 سرینگر// نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر نے صوبائی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ جمعتہ الوداع ، شب قدر اور عید الفطر کے پیش نظر لوگوں کو تمام سہولیات جن میںغذائی اجناس ، بجلی ، پینے کا پانی ، صحت وصفائی اور ٹرانسپورٹ شامل ہیں،دستیاب رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ چونکہ فرزندانِ توحید اِس مقدس ماہ میں رات گئے تک تراویح اور دیگرعبادات میں مصروف ہوتے ہیں اِس لئے بجلی کی سپلائی ہر صورت میں بحال رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے ریاست کے تینوں خطوں کے حکام سے تاکید کی کہ وہ ان مقدس تقریبات کے پیش نظر لوگوں کو تمام سہولیات دستیاب رکھنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔  
 
 

گورنر اور وزیراعلیٰ کی عوام کوجمعتہ الوداع پر مبارک

افسران کو سہولیات دستیاب رکھنے کی ہدایت 

سرینگر//گورنر این این ووہرا نے جمعتہ الوداع کے مقدس موقعہ پر ریاست کے لوگوں کو دِل کی عمیق گہرائیوں سے مبارک باد پیش کی ہے ۔ گورنر نے اُمید ظاہر کی کہ یہ مقدس دِن ریاست جموں وکشمیر کے لئے آپسی بھائی چارے، امن، ترقی اور خوشحالی کی نوید لے کر آئے گا۔مبارک بادی کے اپنے پیغام میں گورنر نے ریاست کے عوام کی خوشحالی اور ترقی کے لئے دُعا کی ہے۔ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے جمعتہ الوداع کے موقعہ پر ریاست کے عوام کو مبارک باد دی ہے۔مبارک بادی کے اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ رمضان المبارک اختتام کو پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ان مقدس ایام کے دوران دِل کھول کر خیرات کریں اور بیواؤں، یتیموں، بے سہاروں اور حالات کے ماروں کی خوشیوں میں شامل ہوجائیں۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں زکواۃ، صدقات دینے کا حکم دیا ہے جس کی بدولت سماج کے اس طبقہ کی خوشحالی اور ترقی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔وزیر اعلیٰ نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ جمعتہ الوداع کے موقع پر خصوصی دعائیں کر کے کُرب الہیٰ حاصل کریں۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ نے وقف بورڈ ،وقف کونسل، کشمیر اور جموں کی صوبائی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ جمعتہ الوداع کے دوران ریاست بھر کی مساجد اور زیارت گاہوں میں زائرین کو بجلی، صفائی ستھرائی اور ٹرانسپورٹ جیسی سہولیت دستیاب رکھیں۔