جل شکتی میں5انجینئروں کو چیف انجینئروں کے طور پر ترقی تعمیرات عامہ کے84جونیئر انجینئر ترقیوں سے مستفید،معطل شدہ2اسسٹنٹ انجینئر بحال

بلال فرقانی

سرینگر// محکمہ جل شکتی میں5 سپر انٹنڈنٹ انجینئروں کو عبوری طور پر چیف انجینئروں کے طور پر ترقی دی گئی جبکہ6چیف انجینئروں کے تبادلے اور تقرریاں عمل میں لائی گئی۔محکمہ تعمیرات عامہ میں84جونیئر انجینئروں کو اسسٹنٹ انجینئروں کو طور پر تعینات کیا گیاجبکہ2معطل شدہ اسسٹنٹ انجینئروں کو بحال کیا گیا۔لیفٹنٹ گورنر کی سربراہی والی انتظامیہ نے محکمہ جل شکتی میں2انچارج سپر انٹنڈنٹ انجینئروں محمد سلیم ملک اور وکاس شرماکو’ اسٹیبلشمنٹ و سلیکشن کمیٹی‘ کی سفارشات پر انچارج چیف انجینئروں کے طور پر ترقیاں دی جبکہ3انچارج سپر انٹنڈنٹ انجینئروں گر ُچرن سنگھ،انیل کمار گپتا اور محمد حنیف کو ایکس کیڈر کی بنیادوں پر انچاارج چیف انجینئروں کے طور پر تقرری عمل میں لائی۔

 

ایڈیشنل چیف سیکریٹر ی ومحکمہ جل شکتی کے فائنانشل کمشنر شالین کابرا کی جانب سے جاری آرڈر کے مطابق یہ تقرریاں صرف انتظامی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے عمل میں لائی گئی اور ضوابط کے تحت ان اسامیوں کو پُر کرنے کیلئے ان انجینئروں کو اس بنیاد پر ترقیوں کا دعویٰ کرنے کا کوئی بھی حق نہیں ہوگا۔ آرڈر کے مطابق اپنی تقرری کے منتظر سمت کمار پوری کو جموںکشمیر پائور ڈیولپمنٹ کارپوریشن میں چناب ویلی پائور پائور پروجیکٹ میں ڈیپوٹیشن پر چیف انجینئر کے طور پرتعینات کیا گیا جبکہ وکاس شرما کو جموں کشمیر پائور ڈیولپمنٹ کارپوریشن میں سیول انویسٹی گیشن ڈیپاریمنٹ میں چیف انجینئر کے طور پر تعینات کیا گیا۔ شرما کو پارنی پاور پروجیکٹ میں سپر انٹنڈنٹ انجینئر کا اضافی چارج بھی تفویض کیا گیا۔ محمد سلیم ملک کو مزید احکامات تک ہائیڈرولک سرکل کپوارہ میں سپر انٹنڈنٹ انجینئر کے طور پر اپنا کام جاری رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے ہائٰڈرولک سرکل بارہمولہ کا اضافی چارج بھی تفویض کیا گیا۔ گرچرن سنگھ کو بھی مزید احکامات تک جل جیون مشن کے مشن ڈائریکٹوریٹ میں ٹیکنکل ایڈوئزر کے طور پر اپنی خدمات جاری رکھنے کی ہدایت دی گئی جبکہ یکم اکتوبر سے محمد حنیف کی سبکدوش کے بعد انہیں اکنامک ریکنسٹریکشن ایجنسی میں ڈائریکٹر ٹیکنکل کا اضافی چارج بھی دیا گیا۔ انیل کمار گپتا کو مزید تقرری کے احکامات تک ہائیڈرولک سرکل ڈوڈہ میں بدستور سپر انٹنڈنٹ انجینئر کے طور پر اپنی خدمات انجام دینے کی ہدایت دی گئی جبکہ محمد حنیف کو صرف دو دنوں تک ڈائریکٹر ٹیکنکل اکنامک ریکنسٹریکشن ایجنسی کا چارج تفویض کیا گیا۔ اس دوران محکمہ تعمیرات عامہ میں84جونیئر انجینئروں کو ترقی دی گئی جن میں79ڈگری یافتہ اور5دپلوامہ یافتہ جونیئر انجینئر ہے شامل ہیں۔ محکمہ تعمیرات عامہ کے پرنسپل سیکریٹری شیلندر کمار نے اس ضمن میں آرڈر جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان جونیئر انجینئروں کو آئندہ6ماہ یا جموں کشمیر پبلک سروس کمیشن یا محکمہ جاتی ترقیاتی کمیٹیوں کی سفارشات پر مستقل طور پر ان اسامیوں کو پُر کرنے تک اپنی ہی گریڈوں اور تنخواہوں پر اسسٹنٹ انجینئر تعینات کیا جاتا ہے۔ان انجینئروں کو ان ترقیوں کی بنیاد پر مستقبل میں پبلک سروس کمیشن یا محکمہ جاتی ترقیاتی کمیٹیوں کی جانب سے مستقل طور پر ترقیاں تفویض کرنے کے دعوے کا کوئی بھی حق حاصل نہیں ہوگا۔ان اسسٹنٹ انجینئروں کو اپنی ہی جگہوں پر تعینات کیا گیا ہے۔اس دوران دو اسسٹنٹ انجینئروں کو معطلی کے بعد بحال کیا گیا ہے۔ اسسٹنٹ انجینئر ساحل ڈوگرہ،جو فی الوقت سپر انٹنڈنٹ انجینئر ،تعمیرات عامہ جموں سرکل کے ساتھ منسلک تھے ،اور انہیں امسال اپریل میں معطل کیا گیا تھا کو مستقبل میںمحتاط ر رہنے کی تاکید کے ساتھ بحال کیا گیا۔مذکورہ انجینئر کو مزید تقرری کیلئے محکمہ دیہی ترقی میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی۔ایک اور حکم نامہ کے مطابق اسسٹنٹ انجینئر ساحل سودان جو فی الوقت سپر انٹنڈنٹ انجینئر ،تعمیرات عامہ ڈوڈہ کے ساتھ منسلک تھے کو بھی متنبہ کیا گیا کہ وہ مستقبل میں محتاط رہیں،اور انہیں بحال کیا گیا۔ساحل سودان کو بھی امسال 6اپریل کو معطل کیا گیا تھا ۔