جل جیون مشن کے تحت چھمبر کناری میںکام شروع ہر گھر نل سے جل کے نعرے کے تحت چار سو سے زائد کنبوں کوفائدہ ہوگا

عشرت حسین بٹ

منڈی// سرکار کی جانب سے جہاں پورے جموں و کشمیر میں مشن جل جیون کے تحت ہر گھر’’ نل‘پہنچانے کا کام کیا جا رہا ہے وہیں ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے دور دراز علاقہ چھمبر کناری پنچایت میں بھی اس سکیم کے تحت کام شد و مد سے جاری ہے بتا دیں کہ چھمبر کناری علاقہ تحصیل منڈی کا ایسا علاقہ ہے جہاں پر عوام کو بنیادی سہولیات کا فقدان ہے ابھی تک اس علاقے میں سڑک جیسی بنیادی سہولت نہیں پہنچی ہے اور اس علاقہ میں عوام کو پینے کے پانی کی بھی سہولت نہ کے برابر تھی۔ لوگوں کو پانی حاصل کرنے کے لئے دو سے تین کلو میٹر پیدل سفر کرنا پڑتا تھا۔ علاقہ کے سرپنچ الطاف نائیک کے مطابق علاقہ میں چار دہائیوں قبل پانی کی پائپ لائن بچھائی گئی تھی جس میں کبھی کبھار پانی آتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری کی جانب سے حال ہی میں ان کے علاقے کے لئے مشن جل جیون کے تحت پروجیکٹ تیار کیا گیا جس میں علاقہ کے چار سو سے زائد کنبہ جات کے لئے پانی مہیا کرنے کے لئے چھ ہزار سے زائد پاپئیں لگا کر لوگوں کو پانی فراہم کیاجائے گا ۔ان کا کہنا تھا کہ یہ پروجیکٹ دو کروڑ روپے کی لاگت سے پورا کیا جائے گا ۔سرپنچ موصوف کا کہنا تھا کہ ابھی ان کے علاقہ میں محکمہ جل شکتی کی جانب سے تین ہزار پاپئیں کام میں لائی جارہی ہیں جبکہ تین ہزار پاپئیںابھی اور لگنا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کے علاقہ کی عوام لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ اور محکمہ جل جیون کے اعلی آفسران کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ان کے علاقہ کے عوام کی اس دیرینہ مانگ کو پورا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ کے ذریعہ پورے چھمبر کناری علاقہ میں گھر گھر تک نل پہنچے گا اور عوام کی مشکلات کا ازالہ ہو جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ بہت جلد سرکار اس پروجیکٹ کو مکمل طور پر عوام کے نام وقف کرے گی۔