جلی کے اضافی بل منڈی تحصیل کی عوام کیلئے وبال جاں تحصیلدار اور اسسٹنٹ ا یگزیکٹیو انجینئرکی بلوں پر نظر ثانی کی یقین دہانی

 عشرت حسین بٹ

منڈی//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کی عوام کو محکمہ بجلی کی جانب سے بجلی کے بہت زیادہ اضافی بل بھیجے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے غریب عوام کافی مشکلات سے دوچارہے۔ اس حوالے سے منڈی کی عوام نے پیر کو سماجی کارکن مولوی فرید اور منڈی کے سابق سرپنچ مبشر بانڈے کی قیادت میں تحصیلدار منڈی اشفاق احمد اور محکمہ بجلی کے اسسٹنٹ ا یگزیکٹیو انجینئر اے آر ڈار سے ملاقات کر کے لوگوں کو بجلی کے اضافی بل بھیجنے کے حوالے سے شکایات درج کروائیں ۔

 

عوام نے دونوں افسران سے کہا کہ چار ماہ قبل تک منڈی تحصیل کی عوام کو ایک سو پچاس روپے ماہانہ بجلی کے بل بھیجے جاتے تھے جسے وہ لوگ آسانی سے ادا کر دیتے تھے لیکن گزشتہ چار ماہ سے ان غریب لوگوں کو پانچ سو کا بل بھیجاجا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ماہ لوگوں کو دو دو تین تین ہزار روپے کے بل تھمائے گئے جنہیں ادا کرنا ان کے لیے بہت مشکل ہے۔ لوگوں نے کہا کہ وہ دن رات مزدوری کر کے اپنے بال بچوںکا پیٹ پالتے ہیں اور وہ اتنا زیادہ بجلی کے بل کہاں سے ادا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر محکمہ بجلی کی جانب سے غریب عوام کو اسی طرح بل بھیجے گئے توبہتر ہے کہ عوام بجلی کنکشن کٹوا کر پرانے طرز پر زندگی بسر کریں۔مولوی فرید ملک نے کہا کہ انہوں نے تحصیلدار منڈی اور محکمہ کے اسسٹنٹ ا یگزیکٹیو انجینئر سے بات کی جنہوں نے مانا کہ محکمہ کی غلطی کی وجہ سے لوگوں تک اضافی بل بھیجے گئے ہونگے جن پر ایک ہفتہ کے دوران نظر ثانی کی جائے گی ۔مولوی فرید کا کہنا تھا کہ منڈی تحصیل کے لوگ غریب ہیں جو اتنے زیادہ بجلی کے بل ادا نہیں کر سکتے ۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے انتظامیہ کو اس سلسلے میں ایک ہفتے کا وقت دیا ہے، اگر ایک ہفتہ کے اندر عوام کے اس معاملے کو سلجھایا نہیں گیا تو وہ محکمہ کے خلاف سڑکوں پر اتر کر احتجاج کریں گے ۔محکمہ بجلی کے اسسٹنٹ ا یگزیکٹیو انجینئرمنڈی نے کہا کہ ان کی جانب سے ایک بار پھر بجلی بلوں کی جانچ کی جائے گی اور اگر لوگوں کے بجلی بل اس ماہ میں زیادہ ہونگے تواس پر نظر ثانی کی جائے گی۔