جشن چلۂ کلان | پٹن اور شوپیان میںتقاریب،ساگر کلچرل فورم اور فوج نے اہتمام کیا تھا

سرینگر// ساگر کلچرل فورم ژکر پٹن کی طرف سے پیر کو ‘چلہ کلان’ کے پہلے دن سیاحتی مقام ٹنگمرگ میںجشن چلہ کلان منایا گیا۔جشن میں وادی کے معروف فنکاروں نے مختلف پروگرام پیش کرکے سامعین کو محظوظ کیا اور وادی کشمیر کی شاندار ثقافت کے موضوع پر شعرا نے اپنا کلام پیش کیا۔پروگرام کی صدارت معروف شاعر بشیر زوگیاری نے کی جبکہ معروف شاعر و قلم کار سید اختر حسین منصور مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے ۔اس موقع پر صوفی شاعر خواجہ غلام محمد مقبول کی تصنیف ’عشقہ وتھ‘ کی بھی رسم رونمائی انجام دی گئی۔فورم کے صدر ساگر نظیر نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ چلہ کلان کی آمد کے سلسلے میں جشن منانا اس بات کا ثبوت ہے کہ کشمیر میں ابھی ایسے لوگ موجود ہیں جو اپنی تہذیب اور ثقافت کے فروغ و تحفظ کے لئے مصروف جد و جہد ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر کسی کشمیری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے کلچر کے تحفظ کے لئے حسب استعداد اپنا رول ادا کرے ۔جشن کے آخر پر ایک مشاعرے کا اہتمام کیا گیا جس میں وادی کے دور دراز علاقوں سے آئے شعرا نے اپنا اپناکلام پیش کیا۔مشاعرے کی صدارت محی الدین بیتاب نے کی جبکہ غلام نبی دلنواز مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے ۔مشاعرے میں جن شعرا نے اپنا کلام پیش کیا ان میں ساگر نظیر، مبارک لون،جانان الطاف، علی کاظمی، شبیر مقبول حاجنی،ملک فاروق احمد، توصیف رضا، گلشن وارثی کوچکی، ساقی ارشاد، منیب احمد، بشیر زوگیاری، غلام محمد دلنواز، محی الدین بیتاب، منظور احمد، منظور یوسف، اختر منصور خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔(یو این آئی )۔ادھرشوپیان ضلع کے بٹہ پورہ اسپورٹس اسٹیڈیم میں ایک میوزیکل فیسٹیول کا انعقاد کرکے ’چلہ کلان‘ کا خیرمقدم کیا گیا۔ پروگرام میں شوپیاں ، پلوامہ اور بڈگام اضلاع کے 3000 سے زیادہ افراد نے شرکت کی۔پیر پنجال کی برف پوش چوٹیوں کے دم توڑنے والے پس منظر کے خلاف سرینگر میں واقع چنار بینڈ نے ماحول کو اپنی کارکردگی سے جلا بخشی۔لوگوں نے متعدد کشمیری کھانوں ، دستکاری کے اسٹالز اور دیگر پروگراموںسے لطف لیا۔ اس میلے کا مقصد کشمیری ثقافت ، دستکاری اور کھانے کو فروغ دینا تھا۔ یہ کوئی تعجب کی بات نہیں ہے کہ کشمیری نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کثرت ہے اور چلہ کلاں میوزیکل فیسٹیول ایسا ہی ایک پلیٹ فارم تھا جس نے اسے پیش کرنے کا موقع فراہم کیا۔اس موقع پر میجر جنرل رشیم بالی نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ایک تعلیم یافتہ کشمیری سوسائٹی کے لئے جدوجہد جاری رکھیں اور اللہ کی اس جنت میں ترقی اور امن کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ میجرجنرل نے کہا کہ شوپیان میں منعقدہ ثقافتی میلے کو دیکھ کرانہیں خوشی ہوئی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ کشمیر کے نوجوان مستقبل ہیں اور انہیں معاشرے کے ذمہ دار شہریوں کے بطورپروان چڑھانے کی ضرورت ہے۔