بارہمولہ//ریاستی ہائی کورٹ کے جج اور بارہ مولہ کے ضلع انتظامی جج جسٹس علی محمد ماگرے نے منصف کورٹ بونیار اوڑی کا دورہ کر کے وہاں کام کاج کا جائیزہ لیا۔انہوں نے عدالت میں وکلاء اور عوام کے لئے دستیاب سہولیات کا جائیزہ لیا۔ جسٹس ماگرے نے وکلاء کے مطالبات غور سے سُنے اور ان کو پورا کرنے کے لئے متعلقہ افسروں کو موقعہ پر ہی ہدایات دیں۔جسٹس ماگرے کے دورے کا مقصد التواء میں پڑے معاملات کا فوری نپٹارہ یقینی بنانا تھا۔ انہوں نے معاملات کے نپٹارے کے لئے متبادل میکانزم اپنانے پر بھی زور دیا۔جسٹس ماگرے نے متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ عدالت میں آئے معاملات خصوصاً5 سے10 سال کے عرصے تک التواء میں پڑے معاملات کے فوری نپٹارے کے لئے مناسب اقداما ت کریں۔انہوں نے اس سلسلے میں حال ہی میں ترتیب دیئے گئے ایکشن پلان کی پاسداری پر زور دیا۔اپنے دورے کے دوران جسٹس ماگرے نے اے ڈی آر اور درمیانہ داری میکانزم کا معائنہ کیا۔ انہوں نے اے ڈی آر کے ذریعے معاملات حل کرنے کی تلقین کی۔جسٹس ماگرے نے کہا کہ لوگوں نے عدلیہ کے نظام کے ساتھ اپنی اُمیدیں وابستہ کی ہیں جن کو پورا کرنے کے لئے لگن اور تندہی کے ساتھ کام کرنا لازمی ہے۔بعد میں جسٹس ماگرے نے ٹریفک منیجمنٹ اینڈ ریگولیٹری سسٹم کی پیش رفت کا جائیزہ لیا۔ انہوں نے ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ضلع کے ٹریفک موبائل مجسٹریٹ جہانگیر بخشی کو ٹریفک قوانین کی عمل آوری یقینی بنانے کے لئے کہا۔انہوں نے عدالت میں ریکارڈ لیجر کا بھی جائیزہ لیا۔