جسروٹیہ کا ماحولیات کی حفاظت کیلئے مشترکہ کوششوں پر زور

سرینگر//جنگلات و ماحولیات کے وزیر راجیو جسروٹیہ نے کل کثافت کو قابو میں کرنے اور ماحولیات کی حفاظت کیلئے مشترکہ کوششیں انجام دینے پر زور دیا ۔ وزیر موصوف بین الاقوامی ماحولیاتی ہفتے کو منانے کے سلسلے میں   ایک رضا کار تنظیم کی طرف سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ قانون ساز کونسل کے ممبر وکرم رندھاوا ، پرذیڈنٹ روٹری کلب جموں وپن بھسین کے علاوہ ماہرینِ ماحولیات و دیگر متعلقین اس موقعہ پر موجود تھے ۔ وزیر نے کہا کہ کثافت روز بروز بڑھتی جا رہی ہے اور وقت کی اہم ضرورت ہے کہ اس کثافت کو روکنے کے فوری اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور یہاں موسم کے لحاظ سے بھی انتہائی خوشگوار ماحول قدرت نے بنایا ہے لیکن ہمیں مشترکہ طور اپنے ماحولیات کو محفوظ رکھنے کیلئے مشترکہ کوششیں کرنی ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات کے اوپر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ماحولیات کو محفوظ رکھنے کیلئے اقدامات کریں لیکن سماج میں رہنے والے ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ اکٹھے کثافت اور ماحولیات کی تبدیلی جیسے مسائل سے نمٹیں ۔ اس موقعہ پر کرن سنگھ اور اشونی شرما ، دو ترقی یافتہ کسانوں کو لائف ٹایم اچیو منٹ ایوارڈ سے نوازا گیا ۔