منڈی //جامعہ فیض القرآن قاسمی مارکیٹ منڈی میں ایک دینی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں جامعہ میں زیر تعلیم طلبا کے علاوہ علاقہ کے معززین نے بھی شرکت کی ۔اس موقعہ پر طلباء کی طرف سے ایک پروگرام پیش کیا گیا جس میں مختلف عنوانات پر تقاریر،مکالمے اور نعت رسول مقبول شامل تھیں۔ تقریب کی صدارت مولانا صادق واصل سابق صدر تنظیم علماء اہل سنت والجماعت پونچھ نے کی ۔ اس دوران قرآن پاک حفظ کرنے والے پانچ حفاظ کے لئے خصوصی دعا کا اہتمام بھی کیا گیا۔مقررین نے جامعہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس کے کام کاج کی سراہنا کی۔محمد اکرم لون نے کہا کہ اس وقت ضرورت ہے کہ علم کے ساتھ عمل کو درست کیا جائے تاکہ انسان اپنی دنیاوی زندگی کے ساتھ ساتھ اپنی آخرت کو بھی سنوار سکے ۔شکیل احمد پرے نے تمام دینی اداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس دور میںجب ہر طرف سے حالات مسلمانوں کے خلاف نظر آرہے ہیں،میں تمام مسلمانوں کو اتحاد کے ساتھ ساتھ ان دینی مدارس کی امداد اور تعاون کرنا فرض بنتا ہے ۔پروفیسر خلیل احمد اورڈاکٹر اقبال نے کہا کہ ان دینی اداروں کی معاونت وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوںنے کہاکہ تمام مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے اپنے اعمال کا محاسبہ کریں اوراپنے اعمال کو درست کریں ۔انہوںنے اتفاق واتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ عبادات میں بھی اپنازیادہ سے زیادہ وقت صرف کیاجاناچاہئے۔ اپنے صدارتی خطبے میں مولانا واصل نے کہا کہ اسلام نے تمام مال داروں کے مال میں غربا اور مساکین کا دوسرے صدقات کے علاوہ زکواۃ کی شکل میں حصہ رکھا ہے ۔ان کاکہناتھاکہ اگر تمام مالدار اپنے اپنے مال کی ڈھائی فیصدی کے حساب سے زکواۃ حساب سے نکالیں تو نہ ہی کوئی غریب بھوکا رہ سکتا ہے اور نہ ہی کوئی ادارہ مشکلات میں رہ سکتا ہے اس لئے ہمیں چاہیے کہ ہم ان دینی اداروں میں اپنی معاونت خود کریں کیوں کہ جو اللہ کے دین کے لئے کوشش کرتا ہے ،اللہ پاک اس کی مدد کرتا ہے۔ پروگرام کے دوران جامعہ میں زیر تعلیم طلبا میں کپڑے اور مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔اس موقعہ پر نظامت کے فرائض لیکچرار ابوبکر ملک نے انجام دیئے ۔آخر میں جامعہ کے ناظم اعلیٰ مولانا مفتی محمد شریف الحسن قاسمی نے تمام مہمانوں کاشکریہ ادا کیا۔