سری نگر// اپنے 46 سالہ سماجی خدمات کے سلسلے کی کڑی کے طور جموں و کشمیر یتیم ٹرسٹ نے مرکزی دفتر واقع باراں پتھر ہفت چنار میںایک سادہ مگر پُر وقار تقریب میں باضابطہ شناخت شدہ بے آسرا بیواؤں میں2500 روپے فی کس مالیت کے450 کٹ تقسیم کئے۔ گیارہ لاکھ پچیس ہزار روپے مالیت کے یہ کٹ ٹرسٹ کے سربراہ ظہور احمد ٹاک کے ہاتھوں تقسیم ہوے۔ غذائی اجناس کے یہ کٹ تقسیم کرنے کا واحد مقصد یہ تھا کہ یہ بیوائیں رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں روزہ رکھنے سے محروم نہ رہیں۔ اس موقعہ پر ظہور احمدٹاک نے بیواؤں سے مخاطب ہو کر انہیں تاکید کہ وہ اپنی تمام تر توجہ اپنے بچوں کو تعلیم کے نور سے آراستہ کرنے کی طرف مرکوز کریں۔ انہوں نے تقریب میں موجود خواتین سے تلقین کی کہ وہ اپنے آپ اور اپنے بچوں میں خودداری ، خدا ترسی اور بہترین اخلاق وکردار پیدا کرنے میں کوئی دقیقہ فرو گذاشت نہ کریں۔