تیزا ب حملے سے متاثرہ لڑکی

سرینگر //تیز اب حملے سے متاثر ہونے والی 24سالہ لڑکی کی دونوں آنکھوں کی جراحی چنئی میں انجام دی گئی ہے۔ متاثرہ لڑکی کے قریبی رشتہ دار طفیل احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ بدھ کی صبح 10بجکر 30منٹ پر جراحیوں کا عمل شروع کیا گیا، جو سہ پہر4بجے تک جاری رہا ‘‘۔طفیل احمد نے بتایا ’’ ڈاکٹروں نے بدھ کو دونوں آنکھوں میں خون کی سپلائی بحال کرنے کیلئے Tenoplasty  انجام دی ‘‘۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ لڑکی کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں نے تیز اب سے دونوں آنکھوں کو ہونے والے نقصان کو گریڈ 6کے زمرے میں رکھا ہے۔ انہوں نے کہا ’’ گریڈ 6کا مطلب یہ ہے کہ لڑکی کی دونوں آنکھوں کو تیز اب سے کافی نقصان پہنچا ہے‘‘۔ طفیل نے بتایا ’’ ڈاکٹر جمعرات کو ایک مرتبہ پھر دونوں آنکھوں کا جائزہ لیں گے اور اس کے بعد ہی آگے کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔
 
 

  چارج شیٹ اگلے4یا5 روز میں:پولیس

سرینگر//سینئرسپرانٹنڈنٹ پولیس سرینگر راکیش بلوال کا کہنا ہے کہ جوان سال دوشیزہ پر تیزاب پھینکنے کے حالیہ واقعہ کیخلاف آنے والے دنوں میں چارج شیٹ پیش کیا جائے گا۔ بدھ کے روز میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تیزاب پھینکنے کے واقعے کی تحقیقات زوروں سے جاری ہے،اور اگلے4یا5 دنوں میں چارج شیٹ پیش کی جائے گی۔راکیش بلوال نے کہا کہ افضل گورو کی برسی کے موقع پر سیول لائنز علاقوں میں کاروباری ادارے کھلے رہنے سے یہ اخذ ہوتا ہے کہ حالات معمول پر آرہے ہیں۔خیال رہے کہ سرینگر کے وانٹہ پورہ حول علاقے میں یکم فروری کی شام ایک24 سالہ دوشیزہ پر تیزاب پھینکا گیا۔ پولیس نے واقعے کے بعدمحض ایک رات میں مرکزی ملزم سمیت3 افراد کی گرفتاری عمل میں لائی ہے۔