سرینگر //یکم فروری کو وانٹہ پورہ حول میں تیز اب حملے میں زخمی ہونے والی 24سالہ لڑکی کی پہلی جراحی آج چنئی کے سنکرا نیتھریلیا سپر سپیشلٹی اسپتال میںصبح 10بجکر 30منٹ پر انجام دی جائے گی۔ چنئی میں زخمی لڑکی کیساتھ موجود ایک قریبی رشتہ دار طفیل احمد نے کشمیر عظمیٰ بتایا ’’منگل کو یہاں پہنچنے کے بعد ڈاکٹروں نے لڑکی کا معائنہ کیا اور لازمی ٹیسٹ کرائے اور بدھ کوپہلی ابتدائی جراحی انجام دینے کا فیصلہ کیا‘‘۔طفیل احمد نے بتایا ’’ ٹیسٹوں پر 15سے 25ہزار روپے کا خرچہ آیا ، جوہم نے خود برداشت کیا ‘‘۔طفیل احمد نے بتایا کہ چنئی پہنچنے کے بعد ضلع انتظامیہ کی جانب سے کسی نے بھی متاثرہ لڑکی کے اہلخانہ سے سرکاری سطح پر رابط نہیں کیا ‘‘۔طفیل نے بتایا ’’ضلع انتظامیہ سرینگر نے اسپتال میں رہنے کے انتظامات اور چنئی جانے کیلئے ٹکٹ فراہم کئے ہیں لیکن جراحی کیلئے درکار 75ہزار روپے سرینگر میونسپل کارپوریشن کے میئر جنید متو نے فراہم کئے ، جسکی وجہ سے لڑکی کی بدھ کو جراحی ممکن ہوپارہی ہے‘‘۔طفیل نے بتایا ’’جراحی کے ذریعے ڈاکٹر آنکھوں میں خون کی سپلائی دوبارہ بحال کریں گے اور اس کے بعد جراحی کے نتائج کا انتظار کرنا ہوگا‘‘۔طفیل نے بتایا کہ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ابتدائی مراحل میں صرف آنکھوں کی مرمت کی جائے گی اور لڑکی کو کئی جراحیوں سے گزر نا ہوگا۔ طفیل نے بتایا ’’ بدھ کو دائیں آنکھ کا آپریشن کیا جائے گا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ صدر اسپتال سرینگر میں شعبہ امراض چشم کے ماہرڈاکٹروں نے بھی آنکھوں میں جراحی انجام دی تھی۔