عظمیٰ نیوز سروس
تھنہ منڈی // سب ڈویژن تھنہ منڈی کے ماڈل ولیج ڈھوک میں متعدد جگہوں پر بجلی کا نظام مفلوج ہوتا جارہا ہے جس کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔شعبہ کی مبینہ لاپرواہی کی وجہ سے سپلائئی لائنیںدرختوں و کھمبوں کے ساتھ آویزاں ہیں جس کی وجہ سے صارفین و عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ صارفین نے متعلقہ حکام کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سب ڈویژن تھنہ منڈی کے ڈھوک گاؤں میں اکثر جگہوں پر بجلی کی سپلائی لائنیں سبز درختوں اور لکڑی کے کھمبوں کیسا تھ آویزاں کی گئی ہیں جس کی وجہ سے جہاں لوگوں کو معیاری سپلائی نہیں مل رہی ہے وہیں مذکورہ تاریں عام لوگوں و مویشیوں کیلئے بڑا خطرہ بھی بن گئی ہیں۔ اس سلسلے میں ماڈل ولیج ڈھوک کے وارڈ نمبر 5 کے رہائشی عبدالغنی ولد مصری و محمد اسلم ولد مصری نے میڈیا کو بتایا کہ’’ ہمارے ایک ہی گھر میں دو بل آتے ہیں اور ہماری تاریں مکان کے ساتھ سبز درخت (منوں) کے ساتھ آویزاں ہیں‘‘۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہاں کا میٹر ریڈر جان بوجھ کر غریب عوام کے نام 600 سے ایک ہزار تک کے ماہانہ بل بھیج رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس میٹر ریڈر کو اس بارے میں متعدد مرتبہ کہا گیا ہے لیکن وہ جان بوجھ کر غریب اور بی پی ایل زمرے میں آنے والے لوگوں کے ماہانہ بلوں میں اضافہ کر رہا ہے جس سے یہاں کے غریب عوام سخت پریشان ہو رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ڈھوک کے رہائشی نمبردار محمد صادق نے میڈیا کو بتایا کہ یہاں کے غریب عوام محنت مزدوری کے بل بوتے پر بمشکل گزر گزر بسر کرتے ہیں لیکن بجلی کی عدم دستیابی غیر معیاری سپلائی اور بھاری بلوں کی وجہ سے یہاں کے لوگ سخت مشکلات کا شکار ہیں۔ جس کی مکمل چھان بین کی جانی چاہئے۔ اس سلسلے میں منگوٹہ، ڈھوک، درہ، کھنیال کوٹ، نیلی بھٹیلی اور لوہر الال کے مکینوں نے بھی بجلی بلوں میں بھاری اضافے کی بات کی ہے۔ انھوں نے تحصیل و ضلع انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کو ہدایات جاری کی جائیں تاکہ ان کے علاقہ میں بجلی کی سپلائی کے لیے معیاری تاریں اور پختہ کھمبے فراہم کئے جاسکیں ساتھ ہی بجلی کے بلوں میں روز بروز پڑھتے ہوئے اضافے پر روک لگائی جائے اور متعلقہ میٹر ریڈر کو اس بارے میں متنبہ کیا جائے تاکہ آنے والے سردی کے اس موسم میں عوام کی مشکلات کا ازالہ ممکن ہو سکے۔