عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // سب ڈویژن تھنہ منڈی کے درہ ، ڈہوک ، کھنیال کوٹ اور نیلی ،بھٹیلی دیہات کے عوام نے بھٹیلی اور الال نالہ پر پل کی تعمیر کو لیکر متعلقہ محکمہ اور ضلع انتظامیہ سے زور دار مطالبہ کیا ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے مذکورہ دیہات کے عوام نے ضلع انتظامیہ اور گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ بھٹیلی اور الال نالہ پر پل کی فوری تعمیر کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ مزکورہ دیہات کے تقریباً دس ہزار افراد ان ہی دو نالوں سے گزر کر قصبہ تھنہ منڈی اور آس پاس کے علاقوں میں آتے جاتے ہیں۔ مقامی عوام کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی مہینوں سے اس پل کی تعمیر کا کام چل رہا ہے تاہم نامعلوم وجوہات کی بنا پر اس کام کو بند کر دیا گیاجو کہ انتہائی افسوس ناک ہے۔ انھوں نے کہا کہ کسی بڑے حادثہ کا انتظار کیے بغیر انتظامیہ جلد از جلد اس پل کا کام شروع کرے تاکہ عوام کو راحت مل سکے۔ اس موقع پر کئی طلباء نے بتایا کہ تھنہ درہ روڈ پر دو دریا عبور کر کے انھیں اسکول پہنچنا پڑتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ان دو نالوں پر پل تعمیر نہ ہونے کی وجہ سے برف و باراں کے موسم میں انھیں اسکول آنے جانے میں بڑی دقتوں کا سامنا رہتا ہے جبکہ کئی مرتبہ شدید بارشوں میں نالے زیادہ ہونے کی وجہ سے وہ اسکول بھی نہیں پہنچ سکتے۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری اوم پرکاش بھگت اور لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سڑک پر زیر تعمیر دو پلوں کو فوری طور پر پایہ تکمیل تک پہنچانے کے احکامات جاری کیے جائیں ۔