عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// سب ڈویژن تھنہ منڈی کے پٹیاں علاقے میں ایک آلٹو گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی جس میں سوار تین نوجوان زخمی ہو ئے ہیں ۔ایک آلٹو گاڑی زیر نمبر JK02T-7177 کو اس وقت ایک حادثہ پیش آیا جب وہ شاہدرہ شریف سے تھنہ منڈی کی طرف محو سفر تھی۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ مذکورہ گاڑی شاہدرہ شریف سے واپسی پر تھنہ منڈی کے پٹیاں علاقے میں پہنچی کہ اچانک اس میں آگ بھڑک اٹھی جس کے فورآ بعد وہ ایک حادثے کا شکار ہو کر گہری کھائی میں جا گری ۔اس حادثے میں تین نوجوان جو اس گاڑی میں سوار تھے شدید زخمی ہو گئے۔
انھوں نے کہا کہ گاڑی میں اتنی تیزی سے آگ بھڑک اٹھی کہ دیکھتے ہی دیکھتے گاڑی مکمل طورپر خاکستر ہو گئی۔زخمی نوجوانوں کی شناخت نثار احمد ولد محمد بشیر سکنہ بفلیاز، شاہد احمد ولد عبدالحمید اور سہیل احمد ولد بدر حسین سکنہ وارڈ نمبر 9 تھنہ منڈی کے طور پر کی گئی ہے جنہیں مقامی لوگوں اور پولیس انتظامیہ کی مدد سے فوری طور پر تھنہ منڈی ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ابتدائی علاج و معالجہ کے بعد انھیں فوری طور پر ضلع ہسپتال راجوری منتقل کر دیا گیا۔ جہاں آخری اطلاعات موصول ہونے تک ان کا علاج جاری تھا۔
البتہ ڈاکٹروں کے مطابق تینوں زخمی خطرے سے باہر ہیں۔ اس موقع پر عوام نے تھنہ منڈی کے لئے فائر سروس سٹیشن کی جلد بحالی کا مطالبہ بھی کیا جسے برسوں نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ اگر تھنہ منڈی میں فائر سروس کی گاڑی موجود ہوتی تو یقینا گاڑی کو لگنے والی آگ پر قابو پایا جا سکتا تھا۔ انھوں نے کہا کہ حکومت سے کئی بار تھنہ منڈی کے لئے فائر سروس سٹیشن کی مانگ کی گئی تاہم وعدوں کے باوجود تا ہنوز اس سلسلہ میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم یو ٹی حکومت سے ایک مرتبہ پھر مطالبہ کرتے ہیں کہ ترجیحی بنیادوں پر تھنہ منڈی کے لئے فائر سروس سٹیشن کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات رونما نہ ہونے پائیں۔