راجوری / تھنہ منڈی کے لوگوں نے محکمہ بجلی پر الزام عائد کیا ہے کہ مرکز کی طرف سے چلائی جا رہی سو بھا گیہ اسکیم میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں کی جارہی ہیںاوراس سکیم سے اثرورسوخ رکھنے والے افرادہی مستفیدہورہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ضلع راجوری کے مختلف بلاکوں میں بجلی کی فراہمی کے لئے بنیادی ڈھانچہ کو مضبوط بنانے کے مقصدسے سوبھاگیہ نام سے ایک مرکزی اسکیم چلائی جارہی ہے جس کے تحت نئے سٹیل کے کھمبے لگا کر ترسیلی لائنوں کو سبز درختوں سے اتارکر بجلی کی سہولیات فراہم کرناہے۔ علاوہ ازیں اسی اسکیم کے تحت آدھار کارڈوں کی بنا پر نئے بجلی کے کنکشن نکال کر مزید بجلی فیس وصول کرنا ہے۔ محکمہ بجلی اس اسکیم کا غلط استعمال کر کے منظور نظر افراد میں بجلی کے کھمبے تقسیم کئے جا رہے ہیں جبکہ محکمہ ایسی جگہوں پر بجلی کے کھمبے جمع کررہاہے جہاں پر ان کی ضرورت نہیں ہے۔ تھنہ منڈی کے دیہی علاقوں کے صارفین کا کہنا ہے کہ محکمہ بجلی اثرورسوخ رکھنے والے کنبوں میں ہی کھمبے تقسیم کررہاہے جبکہ مستحق افرادکھمبوں سے محروم ہیں۔تھنہ منڈی کے کھاری محلہ کے باشندے حاجی عطا محمد نے کہاہے کہ محکمہ بجلی کی طرف سے آج تک اس کے کنبے کوبجلی فراہم نہیں کی ہے۔