تھنہ منڈی میں بجلی کے ٹرانسفارمر غیر محفوظ

تھنہ منڈی //محکمہ بجلی کی طرف سے نصب کئے جانے والے ٹرانسفارمر غیر محفوظ ہوتے ہیں جن سے ہمیشہ انسانی جانوں کو خطرہ لاحق رہتاہے ۔تحصیل تھنہ منڈی کے بیشتر علاقوں میں نصب کئے گئے بجلی ٹرانسفارمر غیر محفوظ ہیں جنکے ساتھ لگی ہوئی تاریں نیچے لٹک رہی ہوتی ہیں ۔کئی ٹرانسفارمر سڑکوں کے نزدیک واقع ہیں ۔ تھنہ منڈی کے راجدھانی، چھڑنگ، پرانہ تھنہ وغیرہ میں لگائے گئے بجلی ٹرانسفارمر عام راستوں کے قریب لگا ئے گئے ہیں جہاں سے ہر روز سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں اور اسکولی بچوں کا گزر ہوتا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ محکمہ بجلی سوبھاگیہ سکیم کے تحت کروڑوں روپے خرچ کر رہا ہے لیکن نصب شدہ بجلی ٹرانسفارمروں کی کوئی خبر نہیں۔ان کاکہناہے کہ محکمہ بجلی کے اہلکاروں کو کئی مرتبہ یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ ایسے غیر محفوظ بجلی ٹرانسفارمرز کے لئے جامع پالیسی مرتب کی جائے تاکہ جانی نقصان سے بچایا جاسکے۔ محکمہ بجلی کے جونیئر انجینئر محمد اسحق نے بتا یاکہ اس معاملے میں ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے بات ہوئی ہے اور فنڈز کی دستیابی پر انکو محفوظ کیا جا سکتا ہے۔