عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// سب ڈویژن تھنہ منڈی میں ان دنوں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی سے عوام سخت پریشان ہے جہاں ایک طرف سردی کی شدت میں کمی واقع نہیں ہو رہی ہے وہیں محکمہ بجلی نے بجلی کٹوتی کے اوقات تک مقررہ کر کے نہیں رکھے ہیں جس سے دن میں متعدد بار بجلی کی کٹوتی سے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ بجلی کے کرایوں کی شرح میں بےحد اضافہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں پہلے بجلی کا بل دو سے تین سو روپے آتا تھا وہیں اب یہ بل سات سو آٹھ سو کے قریب بل آ رہا ہے جس کی وجہ سے یہاں کا عام آدمی سخت پریشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی مہنگی ہوئی ہے اس کے باوجود وقت پر کرایہ بھی ادا کیا جاتا ہے تاہم بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی سے تھنہ منڈی کے عوام کو سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بارہمولہ سے سانبہ امر گڑھ 400KV ترسیلی لائنیں جموں کشمیر سے باہر بجلی بھیج رہی ہیں جبکہ یہاں کے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ لوگوں نے ایل جی منوج سنہا اور ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری اوم پرکاش بھگت اور بالخصوص محکمہ بجلی کے اعلی عہدیداران سے مطالبہ کیا ہےکہ وہ سرحدی ضلع راجوری کے سب ڈویژن تھنہ منڈی میں بجلی کی مکمل فراہمی کو یقینی بنائیں اور بجلی کراے کی شرحوں پر نظر ثانی کے احکامات جاری کریں تاکہ عوام کو راحت مل سکے۔