تھنہ منڈی میں آتشزدگی واردات

تھنہ منڈی// تھنہ منڈی کے الال گائوں میں رسوئی گیس سلنڈر کے اخراج سے رہائشی مکان خاکستر ہوگیا جس دوران اس میں رکھاہواسارے کا سارا سامان تباہ ہوا۔تاہم مقامی لوگوں کی مدد سے مکان کو زیادہ نقصان پہنچنے سے بچالیاگیا۔ تحصیل صدر مقام سے تقریبا ً4 کلو میٹر کی دوری پر واقع الال گائوں میں محمد صغیر ولد لعل حسین کے گھر میں کھانابنایاجارہاتھا جس دوران رسوئی گیس سلنڈر سے گیس خارج ہوئی جس سے گیس کے اندر آگ لگ گئی اور پھر اس کے شعلے پورے کمرے اور کچھ دیر بعد پورے مکان میں بھڑک اٹھے ۔صورتحال کو دیکھتے ہوئے مقامی لوگ دوڑ کر موقعہ پرپہنچے اورانہوں نے برتنوں کے ذریعہ پانی لاکر آگ کو بجھانے کی کارروائی شروع کی ۔تاہم جب تک آگ بجھتی تب تک پورا سامان خاکستر ہوچکاتھا۔ اطلاع ملنے پر سب ڈویژن مجسٹریٹ تھنہ منڈی تنویر احمد خان، تحصیلدار تھنہ منڈی سمیت سنگھ و دیگر عملہ موقعہ پر پہنچے اور نقصان کا جائزہ لیکر متاثر کنبے کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی دلائی ۔ڈاکٹر تنویر احمد خان اور تحصیلدار تھنہ منڈی سمیت سنگھ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دو منزلہ عمارت کی پہلی منزل کچی جبکہ دوسری منزل پر سلیپ پڑاہواہے اور مکان کو آگ کی وجہ سے نقصان پہنچاہے لیکن کوئی جانی نقصان نہیںہوا۔انہوں نے کہاکہ لوگوں کو رسوئی گیس کا استعمال کرتے ہوئے احتیاط سے کام لیناچاہئے۔