سرینگر// نیشنل کانفرنس لیڈر تنویر صادق نے زڈی بل کے غازی ڈوری، گل کدل، عمر کالونی، بادام واری، حول اور دیگر علاقوں کے پیدل دورہ کیا۔ انہوں نے گل کدل میں آگ کی ہولناک ورادت میں خاکستر ہوئے مکان کا بھی جائزہ لیا اور انتظامیہ سے متاثرین کی فوری بازآبادکاری کی اپیل کی۔ انہوں نے پی ڈی پی کے چیف انجینئر کو علاقے میں نیا ٹرانسفامر نصب کرنے کی اپیل کی جو آگ کی واردات میں تباہ ہوا تھا۔ انہوں نے عمر کالونی (بی) کا بھی دورہ کیا ، جو پورا علاقہ زیر آب آگیا ہے۔ انہوں نے موقعے پر ہی معاملہ ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر کیساتھ اُٹھایا جنہوں نے بعد میں ڈی وارٹرنگ پمپ بھیج کر پانی کی نکاسی شروع کرائی۔دورے کے دوران انہوں نے لوگوں کے مسائل اور مشکلات بھی سنے اور ان کا سدباب کرانے کیلئے متعلقہ حکام کیساتھ رابطہ کیا۔ اُن کے ہمراہ نائب صدر بلاک عبدالقیوم آنچاری، سکریٹری بلاک غلام رسول ڈار ، یوتھ بلاک صدر عمران کے علاوہ کئی عہدیداران بھی تھے۔