شوپیان +پلوامہ//چاڑورہ بڈگام اور پلوامہ میں 2 ملی ٹینٹوں کو حراست میں لیا گیا ہے جو جنوری کے پہلے ہفتے میں ہی گھروں سے لاپتہ ہوئے تھے۔چاڑورہ میں سیکورٹی فورسز نے میمندر شوپیان کے جہانگیر احمد نائیکو ولد غلام محمد نائیکو کو ایک تلاشی کے دوران گرفتار کیا۔وہ یکم جنوری کو ملی ٹینسی میں شامل ہوا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ وہ لشکر کیساتھ کام کرتا تھا اور سرگرم ملی ٹینٹ تھا۔ادھرپولیس نے بتایا کہ،44 آر آر اور 183 بٹالین سی آر پی ایف کی ٹیموں کے ہمراہ پولیس نے پچہار راجپورہ پلوامہ میں ایک مشترکہ ناکہ لگایا جس دوران ایک نوجوان کو مشکوک انداز میں گھومتے ہوئے پایا۔ پولیس نے بتایا نوجوان نے بھاگنے اور ناکہ پارٹی پر فائرنگ کرنے کی بھی کوشش کی۔ تاہم اسے دھر دبوچا گیا۔تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے ایک پستول اور گولیوں کے کئی راؤنڈ برآمد ہوئے۔ نوجوان کی شناخت راہیل شوکت ڈار ولدشوکت احمد ڈار ساکن دربگام پلوامہ کے طور پر ہوئی ہے۔ مذکورہ نوجوان چند روز قبل لاپتہ ہوگیا تھا اور پولیس اسٹیشن راجپورہ میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی گئی تھی۔اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 4/2022زیر دفعہ7/25 درج کیا گیا ہے۔