عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو تقسیم ہند کے دوران اپنی جانیں گنوانے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور تقسیم کے ہولناکی یادگاری دن کے موقع پر اس دور میں لوگوں کے مصائب کو یاد کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ ان ہندوستانیوں کو یاد کرنے کا موقع ہے جنہوں نے تقسیم کے دوران اپنی جانیں گنوائیں، جو اس وقت بڑے پیمانے پر ہونے والے فرقہ وارانہ تشدد کا حوالہ ہے۔مودی نے 2021 میں اعلان کیا تھا کہ 14 اگست کو تقسیم کے ہولناکی یادگاری دن کے طور پر منایا جائے گا۔
ادھرمرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے پیر کو کہا کہ مذہب کی بنیاد پر ملک کی تقسیم تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے اور بہت سے لوگ اب بھی 1947 کی ہولناکی کا سامنا کر رہے ہیں۔ تقسیم کے دوران جانیں گنوانے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک کو اس کی بھاری قیمت چکانی پڑی۔’ تقسیم کی ہولناکیاں یاد کرنے کا دن‘ کے موقع پر امیت شاہ نے کہا1947 میں مذہب کی بنیاد پر ملک کی تقسیم تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے، اس سے پیدا ہونے والی نفرت نے لاکھوں لوگوں کو ہلاک اور کروڑوں کو بے گھر کر دیا ہے۔ ملک کو اس کی بھاری قیمت چکانی پڑی اور بہت سے لوگ اب بھی اس ہولناکی کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں ان تمام لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے تقسیم کی وجہ سے اپنی جانیں اور اپنے خاندان کے افراد کو کھو دیا۔