نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی کے خطاب کا کلپ شیئر کرتے ہوئے کانگریس نے ان پر طنز کیا ہے۔ اس کے علاوہ راہل گاندھی نے وزیر اعظم مودی کو نشانہ بنایا ہے۔کورونا کے دور میں وزیر اعظم مودی نے داووس ایجنڈا سمٹ میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی تھی۔ جس کلپ کو شیئر کیا جا رہا ہے اس میں وہ اپنے خطاب کے دوران بولنا بند کر دیتے ہیں۔ اس پر کانگریس پارٹی اور راہل گاندھی نے نشانہ لگایا ہے۔ الزام ہے کہ ٹیلی پرامپٹر کے رکنے کی وجہ سے وزیر اعظم مودی نے اپنی تقریر روک دی۔دوسری طرف بی جے پی لیڈروں کی طرف سے جواب دیا گیا ہے۔ دہلی بی جے پی کے ترجمان تیجندر پال سنگھ بگا نے کہا ہے کہ ورلڈ اکنامک فورم کی طرف سے تکنیکی خرابی آئی تھی، جس کی وجہ سے وزیر اعظم مودی نے تقریر روک دی۔کچھ ایسی ویڈیوز بھی منظر عام پر آئی ہیں، جن میں دکھایا گیا ہے کہ خرابی ٹیلی پرامپٹر میں نہیں تھی، بلکہ منیجنگ ٹیم نے وزیر اعظم کو رکنے اور پوچھنے کو کہا تھا کہ سب ان کی آواز سن پا رہے ہیں یا نہیں۔