تعلیمی اداروں اورسڑکوں کوفورسزاہلکاروں کے نا م سے منسوب کرنے کاعمل

سرینگر// حکومت نے سرکاری اسکولوں،کالجوں اور سڑکوں کومعروف افراداورمہلوک فورسز،پولیس اورفوجی اہلکاروں کے نام سے منسوب کرنے کیلئے انتظامی سیکریٹری محکمہ داخلہ کی سربراہی میں قائم کمیٹی کو سرنو تشکیل دینے کو منظوری دی ہے۔ سرکار کی جانب سے منگل کو جاری حکم میں کہا گیا کہ سرکاری احکامات زیر نمبر595-JK(GAD)   محررہ26اپریل2000کے تناظر میں سڑکوں اور عمارتوں کا نام رکھنے،یادگاری کتبے اور مجسموں کو نصب کرنے کی سفارشات اور تجاویز پیش کرنے والی کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا۔ عمومی انتظامی محکمہ کی جانب سے جاری حکم نامہ میں کہا گیا کہ 8رکنی کمیٹی کی کمان انتظامی سیکریٹری محکمہ داخلہ کو دی گئی ہے جبکہ کمیٹی میں محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج کے انتظامی سیکریٹری، شہری ترقی و مکانات کے انتظامی سیکریٹری، پولیس کے سی آئی ڈی شعبے کا سپیشل ڈائریکٹر جنرل، محکمہ عمومی انتظامی کے انتظامی سیکریٹری، محکمہ ثقافت کے انتظامی سیکریٹری اور صوبائی کمشنر جموں اور ان کے کشمیر کے ہم منصب کو اس میں شامل کیا گیا ہے۔حکم نامہ کے مطابق کمیٹی ایڈہاک ممبران کو کسی خاص تجویز کے لیے منتخب کر سکتی ہے جبکہ کمیٹی جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے ماتحت کام کرے گی اور انتظامی کونسل کو حتمی فیصلے کے لیے اپنی سفارشات حکومت کو پیش کرے گی۔ اگست کے پہلے ہفتے میں صوبائی کمشنر جموں راگھو لنگر نے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کے نام مکتوب روانہ کیا جس میں انہیں ان اسکولوں کی نشاندہی کرنے کی ہدایت دی گئی،جن کے نام ڈیوٹی کے دوران فوت ہوئے فورسز اور پولیس کے علاوہ فوجی اہلکاروں کے ناموں پر رکھے جاسکتے ہیں۔حکم میں کہا گیا ’’ایک اعلی اتھارٹی کی طرف سے موصول ہونے والی ہدایات کے مطابق ، مجھے ہدایت کی گئی ہے کہ آپ سے گزارش کی جائے کہ وہ ضلع کے دیہاتوں اور میونسپل وارڈز میں ایسے سرکاری سکولوں کی شناخت کریں جن کا نام پولیس،فوج،سی آر پی ایف کے نام پر رکھا جا سکے۔‘‘