عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری موسم کی پیش گوئی کے پیش نظر ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن کشمیرنے سکولی بچوں کی موسم سرما کی تعطیلات میں2 دن کی توسیع کردی ہے۔اس سلسلے میں حکم نامہ ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن کشمیر نے جمعرات کی سہ پہر جاری کیا۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ تمام سکولوں میں تین ماہ کی طویل موسم سرما کی تعطیلات کے بعد سکولی بچوں کے لیے معمول کے کلاس کا کام دوبارہ شروع ہونا تھا جس کا اعلان 28 نومبر سے 29 فروری تک مرحلہ وار پرائمری سے لے کر ہائیر سیکنڈری تک کے طلبہ کے لیے کیا گیا تھا۔تاہم تمام سکولوں میں تدریسی عملہ 21 فروری سے اپنی ڈیوٹی دوبارہ شروع کر چکا ہے جبکہ کلاس کا کام یکم مارچ 2024 سے دوبارہ شروع ہونا تھا۔ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر تصدق حسین میر نے کہا کہ ” بارشوں اور برف باری کی ایڈوائزری کے پیش نظر، ہم نے معمول کے کلاس ورک کے لیے سکولوں کو دوبارہ کھولنے میں دو دن کے لیے تاخیر کرنے کا فیصلہ کیا”۔”تمام سرکاری اور نجی تسلیم شدہ سکولوں میں کلاس کا کام 4 مارچ 2024 سے دوبارہ شروع ہو جائے گا” ۔