تعزیہ جلوسوں پر پولیس کی یلغار

 
سرینگر//سرینگر کے گروبازارسے نکلنے والے عزاء داروں کے روایتی جلوس پرپابندی اورسخت بندشوں کے باوجود کئی مقامات سے تعزیہ جلوس برآمدکئے گئے تاہم  پولیس نے بے تحاشا طاقت کا استعمال کر کے مختلف مقامات پر100 کے قریب عزاداروں کو گرفتارکر لیا ۔ انتظامیہ نے شہر سرینگر کے9پولیس تھانوںکے تحت آنے والے علاقوں میں بدھ کی صبح غیر اعلانیہ کرفیو اورسخت ترین بندشیںعائد کی گئیں تھیں۔شہر میں کالج اور تعلیمی ادارے بند کئے گئے تھے۔ ڈلگیٹ میں واقع حیدریہ ہال ،جہاںروایتی ماتمی جلوس کو اختتام پذیر ہونا تھا، کی طرف جانے والی سڑکوں کو بھی خاردار تار سے سیل کردیا گیا تھا۔شہید گنج جانے والے راستوں کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا تھا جبکہ گروبازار جہاں سے ماتمی جلوس برآمد ہونا تھا، کی طرف کسی بھی شخص کو جانے کی اجازت نہیں دی جارہی تھی۔اتحاد المسلمین ، انجمن شرعی شعیان اورتحریک وحدت اسلامی و دیگرمزاحمتی ومذہبی تنظیموں کی جانب سے جہانگیرچوک ، ڈلگیٹ،شہد گنج، بٹہ مالواورشہرمیں دیگرکچھ مقامات سے عزاداری کے جلوس برآمدکرنے کی کوشش کی گئی ۔ بڈشاہ پل پر اولڈ اسمبلی کے قریب تحریک وحدت اسلامی کی طرف سے جلوس برآمد کرنے کی کوشش کے دوران بیسوں عزاداروں کو نثار حسین راتھر، امتیاز حیدر ،محمد افضل بہار اور محمد ابراہیم قمر الزماںسمیت حراست میں لیا گیا۔مائسمہ سے برآمدہوئے محرم جلوس میں شامل عزاداروں کو ریگل چوک کے نزدیک پولیس وفورسزاہلکاروں نے روکنے کی کوشش کی ۔ مزاحمت کرنے پرپولیس نے لاٹھی چارج کیا ا،اوراس دوران اتحاد المسلمین کے سید مظفر رضوی سمیت درجنوں کوگرفتارکرکے پولیس گاڑیوں میں سوارکرکے پولیس تھانہ کوٹھی باغ اورمائسمہ منتقل کیاگیا۔ ڈلگیٹ کے حیدریہ ہال سے سینکڑوں عزاداروں نے علم لیکر جلوس نکالا۔عزادار یا حسین ،یا حسین کی نواحی خوانی کرتے ہوئے ڈلگیٹ چوک تک پہنچے،تاہم یہاںپولیس نے عزاداروں کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا،اور کچھ ٹیر گیس کے گولے داغے۔ادھر مولانا آزاد روڑ پر کچھ عزاداروں نے پولیس کو چکمہ دیا اور انہوں نے شہد گنج کی طرف پیش قدمی کی۔اسی طرح سے بٹہ مالوسے اتحاد المسلمین کی طرف سے برآمدشدہ محرم جلوسں کوناکام بنانے کیلئے لاٹھی چارج کے علاوہ ٹیرگیس شلنگ کی گئی جبکہ اس دوران مشتاق احمد سمیت درجنوںعزاداروں کی گرفتاری عمل میں لاکراُنھیں پولیس تھانہ بٹہ مالو،شہیدگنج اورشیرگڑھی تھانہ منتقل کیاگیا۔ اتحاد المسلمین کے زیر اہتمام8محرم الحرام کو گروبازار سے ڈلگیٹ تک نکالے جانے والے علم شریف کے تاریخی جلوس کو عزاداروں کی ایک بڑی تعداد نے مقررہ روٹ پر مختلف جگہوں سے نکالنے کی بھرپور کوشش کی۔ اس دوران وادی کے مختلف علاقوں میں علم شریف کے جلوس نکالے گئے ان میں آباد پورہ ، اوڑورہ، بوگہ چھل، آستان شریف دوین ،چاڈورہ، پالر بڈگام، ملک گنڈ چھتر گام، آستان پورہ اسکندرپورہ، مدین صاحب جڈی بل، گلشن باغ بٹہ کدل، خمینی چوک اوڑینہ، زالپورہ، گنڈ نوگام، سونہ برن، اندرکوٹ ، گامدو، کھنہ پٹھ، اوچھلی پورہ وغیرہ شامل ہیں۔