مشتاق الاسلام
پلوامہ// نامن کاکاپورہ میں پیر کوبجلی کی ترسیلی لائنیں مسافرگاڑیوں پر گرآئیں تاہم اس دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،تاہم علاقہ میں زبردست افراتفری پھیل گئی۔کاکاپورہ پلوامہ میں میکڈم بچھانے کے دوران ٹریفک کیلئے محفوظ راستوں کے انتخاب میں غفلت برتنے پر محکمہ آر اینڈ بی کے خلاف لوگوں نے زبردست ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ نامن کاکاپورہ میں اس وقت متعدد مسافر بال بال بچ گئے، جب ٹریفک جام کے دوران ایک مال بردار ٹرک نے بجلی کھمبے کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں بجلی کی ترسیلی لائن مسافر گاڑیوں پر جاگرنے سے افراتفری کا ماحول قائم ہوا اور مسافر محفوظ مقامات کی جانب دوڑنے لگے۔مسافروں نے میگڈم بچھانے کے دوران غیر محفوظ متبادل راستوں کا انتخاب کرنے اور نامن میں پیش آئے حادثے پر محکمہ آر اینڈ بی کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس غفلت شعاری کا نوٹس لیکر ملوث ملازمین اور افسران کے خلاف کاروائی عمل میں لائے۔ سرینگر کاکاپورہ روڑ پر محکمہ آر اینڈ بی نے سوموار بعد دوپہر میکڈم بچھانے کا کام شروع کیاگیا۔مسافروں کا کہنا ہے کہ اگر محکمہ کو یہاں میگڈم بچھانے کا کام شروع کرنا تھا تو انہیں پہلے ٹریفک جام کو ٹالنے کیلئے محفوظ سڑکوں کا انتخاب کرنا تھا، تاہم انہوں نے ٹریفک جام کو ٹالنے کی حکمت عملی کو اپنائے بغیر کیسے گاڑیوں کو غیر محفوظ راستوں سے آگے جانے کی اجازت دے دی اور کاکاپورہ سمیت اس کے ملحقہ علاقوں میں سینکڑوں گاڑیوں کو درماندہ ہونا پڑا۔دریں اثنا محکمہ کی لاپرواہی پر جب آر اینڈ بی کے ایگزیکٹو انجینئر جاوید احمد سے رابطہ قائم کیا گیا تو نہوں نے محکمہ کی لاپرواہی کو ٹالتے ہوئے کہا کہ یہاں ٹرانسپورٹروں نے سٹرک کو دو دو تین تین لائنوں میں تبدیل کرکے اپنے لئے ازخود مشکلات سامنے کھڑا کئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پولیس تھانہ کاکاپورہ اپنے عملے اور دیگر مقامی رضاکاروں کے ہمراہ ٹریفک بحال کرنے میں مصروف ہے۔اس دوران مسافروں نے محکمہ کے خلاف سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس محکمہ کی غفلت شعاری کا نوٹس لیکر ملوث ملازمین اور افسران کے خلاف کاروائی عمل میں لائیں۔