سید اعجاز
ترال// ترال کے کئی علاقوںمیں خستہ حال اندرونی رابطہ سڑکوں کی امسال بھی مرمت نہیں کی گئی ۔چھتر گام کے لوگوں نے بتایا کہ انہوں نے چھتر گام کے بیچوں بیچ دیور سے شالی درمن تک سڑک کو گزشتہ کئی سال سے تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا تاہم اس کی مرمت بھی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے لوگوں کو عبور و مرور میں مشکلات کا سامناکرنا پڑتا ہے۔ترال پائین کے لوگوں نے بتایا کہ گول مسجد سے نائک محلہ تک اندرونی لنک روڑ کھندارت میں تبدل ہوگیا ہے ۔ آری پل روڑ سے ہندورہ تک لنک روڑ بھی خستہ حال ہے ۔راہ گیروں کو دقتوں کاسامنا ہے ۔ستورہ سے حاجن تک سڑک کو سال رواں میں پی ایم جی ایس وائی کے تحت تعمیر کیا گیا تاہم سڑک کے دونوں اطراف اب تک کھلے ہیں جس کی وجہ سے میکڈم اکھڑگیا ہے اور راہ گیروں کومشکلات درپیش ہیں ۔پیر محلہ ناگہ بل سے پیر تکیہ تک لنک روڑ پر بھی میکڈم نہیں بچھایا گیا ۔ لرو ترال کے لوگوں نے بتایا کہ گائوں میں سرکاری سکول تک جانے والی سڑک کے ساتھ ساتھ باقی سڑکیں انتہائی خستہ ہیں ۔گامراج سے دھوبی ون تک بھی یہی پریشان کن صورتحال ہے ۔بٹہ گنڈ کچھمولہ کراسنگ کے نزدیک سڑک میں بڑے کھڈ بن چکے ہیں جہاں کسی بھی وقت حادثہ ہونے کا خدشہ رہتا ہے ۔لوگوں نے سرکار اور متعلقہ محکموں سے اپیل کی کہ اگر امسال لنک روڑ تعمیر نہیں کئے گئے لیکن کم سے کم سے موسم سرما سے قبل مر مت کی جائے تاکہ وہ آمدورفت کے قابل بن جائیں۔