سرینگر// تحریک حریت،تحریک مزاحمت، لبریشن فرنٹ(ح)،مسلم لیگ،لبریشن فرنٹ( آر )، سالویشن مومنٹ اورینگ مینز لیگ نے آرم پورہ ترال میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کو خراج عقیدت ادا کیا ہے۔تحریک حریت چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے آرم پورہ ترال میں خونین معرکے میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ روز ادھ کھلے جوانوں کی لاشوں کو اٹھانا انتہائی رنجدہ ہے۔ چپہ چپہ جوانوں کے خون سے لہو لہان ہے۔ صحرائی نے کہا ہمارے جوانوں کو اسلام کے غلبے اور حصول آزادی کی خاطر اپنا گرم گرم خون بہانا پڑتا ہے، کیونکہ بھارت اپنے حقوق کا مطالبہ کرنے والوں کو اپنی ہی سرزمین میں اجنبی فورسز کے ہاتھوں گولیوں کا شکار بنارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر معرکے میں نصف درجن جوانوں کی ہلاکتوں کا وقوع پذیر ہونا جہاں قوم کے لیے سوہان روح بنا ہوا ہے، وہیں ان واقعات پر غوروفکر کرنے کی ضرورت ہے۔تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال احمد صدیقی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوان آزادی اور اسلام کی سربلندی کی خاطر اپنی اٹھتی جوانیاں قربان کر رہے ہیںاورمزاحمت کی ایک بے مثال تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ لبریشن فرنٹ(ح)کے ترجمان ،مسلم لیگ ترجمان محمد صعاد،لبریشن فرنٹ( آر ) کے سرپرست اعلیٰ بیرسٹر عبدالمجید ترمبو ،ایڈوکیٹ ایوب راٹھور اور جنرل سیکریٹری وجاہت بشیر قریشی ، سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفراکبر بٹ ،ینگ مینز لیگ اورماس مومنٹ نے بھی خراج عقیدت ادا کیا ہے۔