سرینگر//سرینگرسمارٹ سٹی لمٹیڈ (ایس ایس سی ایل) اور محکمہ لائبریری اینڈ ریسرچ (ڈی ایل اینڈ آر) جموں و کشمیر کے مشترکہ تعاون کے تحت سری نگر شہر میں دو جدید ترین سمارٹ لائبریریاں قائم کی جارہی ہیں۔اِس کا اعلان ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر ڈاکٹر شاہد اِقبال چودھری نے کل ایس پی ایس لائبریری سری نگر کے دورے کے دوران کیا۔ڈاکٹر شاہدجو سری نگرسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر بھی ہیں نے کہا کہ سری نگر کے جنوبی اور شمالی شہر علاقوں میں ایک ایک لائبریری قائم کی جائے گی تاکہ طالب علموں، معزز شہریوں ، خواتین اور بچے سمیت قارئین کی بڑی تعداد اس سے مستفید ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ ایس ایس سی ایل اور ڈی ایل اینڈ آر کے مابین اشتراک کے ایک حصے کے طور پر ، بنیادی ڈھانچے کے لئے مناسب جگہ اور فنڈ ایس ایس سی ایل مہیا کرے گا جبکہ ان لائبریریوں کے لئے ڈی ایل اینڈ آر کے ذریعہ کتب اور عملے کا انتظام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ لائبریریاں قارئین ، طالب علموں،معزز شہریوں ، خواتین اور بچوں کے لئے وقف کردہ متعدد سہولیات اور روایتی عوامی لائبریریوں سے مختلف ہوں گی۔ اُنہوں نے کہا کہ ان لائبریریوں کو وائی فائی ، پرنٹنگ ، سکیننگ اور فوٹو کاپی کی سہولیات اور کیفیٹیریا بھی مہیا کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ یہ لائبریریاں این ای ای ٹی ، جے ای ای ، سی اے ٹی ، آئی اے ایس ،کے اے ایس وغیرہ جیسے مسابقتی امتحانات کے لئے طلاب کو ہارڈ کاپی اور اِی۔ فارمیٹ میں مطالعاتی مواد بھی پیش کریں گی ۔ڈاکٹر شاہد اِقبال چودھری نے کہا کہ سمارٹ لائبریریوں کا تصور اس منصوبے کا ایک حصہ ہے کہ عوامی کتب خانوں کو نئے معاشرتی اور تکنیکی چیلنجوں کے ماحول میں کیسے تبدیل کیا جائے۔اُنہوں نے کہا کہ شہریوں کی جانب سے ان مجوزہ لائبریریوں کو مزید پُرکشش اور نتیجہ خیز بنانے کے بارے میں قیمتی تجاویز کا بھی خیر مقدم کیا جائے گا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ تجاویز ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن سری نگر کو ای میل [email protected]پر یا محکمہ لائبریریز [email protected] پر بھیجی جاسکتی ہیں۔لائبریری ڈیپارٹمنٹ کشمیر کے اعلیٰ اَفسران نے ایس پی ایس لائبریری کے دورے کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر کے ہمراہ انہیںآٹومیشن اور نایاب کتب اورنادر نسخوں کی ڈیجیٹائزیشن کے مختلف جاری سرگرمیوں کے بارے میں جانکاری دی۔محکمہ لائبریری اینڈ ریسرچ نے ناظم لائبریریز اینڈ ریسرچ محمد رفیع کی پہل پرآٹومیشن اور ڈیجیٹائزیشن سمیت لائبریریوں کے بڑے پیمانے پر انفراسٹرکچر اَپ گریڈ کرنے کا آغاز کیا ہے۔محکمہ نے نیشنل مشن آن لائبریریز (این ایم ایل) کے تحت بارہمولہ میں ماڈل لائبریری کی تعمیر کے لئے تین کروڑ روپے میں ڈی پی آر مرتب کیا ہے جبکہ ایس آر ایس لائبریری جموں کے لئے بھی اسی طرح کا منصوبہ تیار ہے۔ محکمہ طلاب کی سہولیت کے لئے ایس پی ایس لائبریری سری نگر اور ایس آر ایس لائبریری جموں میں بھی آئی ٹی ہبوں کو قائم کر رہا ہے۔اِس محکمہ کا یہ منصوبہ ہے کہ جموں وکشمیر میں موبائل لائبریریوں کا تصور بھی پیش کیا جائے تاکہ پنچایت کی سطح تک ادبی مشن کو لے جاسکے۔محکمہ نے رواں مالی سال کے دوران عشمقام میں نئی لائبریری کی عمارت کی تعمیر اور کولگام ، بڈگام ، کریری اور چرارِ شریف میں عوامی لائبریریوں کی اَپ گریڈیشن کے لئے لگ بھگ 1.50 کروڑ روپے رکھے ہیں جس میں سے کاموں پر فوری عمل درآمد کیلئے 70 لاکھ روپے محکمہ آر اینڈ بی کو جاری کردیئے گئے ہیں ۔اِس وقت صوبہ کشمیر میں 71 لائبریریاں کام کر رہی ہیں جن میں تین مرکزی ، دس ضلعی ، 23 تحصیل ، 8 بلاک ، 20 بارڈر بلاک اور 7 شرائن لائبریریاں شامل ہیں۔