رسل و رسائل کیلئے بند راستوں سے ہزاروں کی آبادی مشکلات سے دوچار،بحالی میں وقت لگنے کا امکان :حکام
محمد تسکین
بانہال // سب ڈویژن بانہال میں حالیہ بارشوں اور برفباری کی وجہ سے تحصیل ہیڈکوارٹر کھڑی۔ مہو۔ منگت کو جوڑنے والی رابطہ سڑک کئی مقامات پر سڑک کے نکلنے اور پسیوں کے گر آنے کی وجہ سے پچھلے سات روز سے بند ہے اور تحصیل کھڑی۔ مہو منگت کی ہزاروں کی آبادی کو ناقابل بیان مشکلات کا سامنا ہے۔سڑک کی بحالی کا کام ارکان انٹرنیشنل اور اس کی کمپنیوں کی طرف سے شروع کیا گیا ہے لیکن بحالی میں مزید کئی روز کا وقت لگ سکتا ہے۔ ریلوے تعمیراتی ایجنسی اِرکان انٹرنیشنل کے زیر کنٹرول تحصیل ہیڈکوارٹر کھڑی۔ مہو منگت کو جوڑنے والی سڑک ہرنیہال میں کے مقام دھنس رہی ہے جبکہ شاہراہ پر واقع ناچلانہ کے مقام یہ سڑک نکل گئی ہے اور بحالی کے کام میں کئی روز لگ سکتے ہیں۔ ناچلانہ پل کے پاس ایک پسی بھی گر ائی ہے اور پل کے ساتھ ہی سڑک نکل گئی ہے اور تحصیل کھڑی کی ہزاروں کی آبادی محصور ہو کر رہ گئی ہے۔
کھڑی مہو منگت کے مقامی لوگوں نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ ناچلانہ۔مہو اور بانہال منگت سڑک کے بند ہونے سے دکانیں اور راشن ڈپو خالی پڑے ہیں اور سڑک اور بجلی سے منقطع ہزاروں کی آبادی کو روزمرہ کی زندگی میں دشواریوں کا سامنا ہے۔
ضلع ترقیاتی کونسلر کھڑی اور ڈیموکریٹک آزاد پارٹی کے سنیئر لیڈر فیاض احمد نائیک نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ کھڑی۔ مہو منگت ، سراچی ، ٹینکہ ، کڈجی ، ترگام ، شگن ، ورنال ، بجمستھہ اور سمبڑ کے درجنوں علاقے سڑک رابطوں سے مسلسل منقطع ہیں اور اس صورتحال نے کئی علاقوں میں میں غذائی اجناس کی قلت کو پیدا کیا ہے۔ انہوں نے کھڑی تحصیل ہیڈکوارٹر کو جوڑنے والی سڑک جلد از جلد بحال کی جائے تاکہ لوگوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس دوران ناچلانہ۔ کھڑی سڑک کی بحالی کیلئے زمہ دار ارکان انٹرنیشنل کے ایک اہم دار نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ تین مقامات پر تباہی ہوئی کھڑی سڑک کی بحالی کیلئے کام شروع کیا گیا ہے اور مشینری اور افراد قوت کام پر لگی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کی مکمل بحالی میں کم از کم تین چار روز کا وقفہ درکار ہوگا اور جلد بحالی کی کوشش کی جارہی ہے۔