مظفر آباد //متحدہ جہاد کونسل کے ترجمان سید صداقت حسین نے کہا ہے کہ آئی ایس آئی ایس، کا لبادہ اوڑھ کر بھارت کے ایجنٹ اور پولیس ٹاسک فورس خانہ جنگی کا ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں۔لیکن حریت پسند عوام اور عسکریت پسند ہر سازش کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس آئی ایس کا لبادہ اوڑھ کر بھارتی ایجنٹ اور پولیس ٹاسک فورس کے اہلکار خانہ جنگی کا ماحول پیدا کرنے کی کوششوں میں سرگرمِ عمل ہیں۔ پروفیسر محمد رفیع بٹ مرحوم کے جنازے میں وہ لوگ بے نقاب ہوگئے اور چشم دید گواہوں کے مطابق ISISکا جھنڈا تھامے کوئی اور نہیں تھے بلکہ سرکاری ایجنٹ تھے۔ چھینا جھپٹی میں اُن کے چہروں سے جب نقاب اُتر گئے تو چشم فلک نے یہ نظارہ دیکھا کہ ISIS کا نام اورجھنڈا استعمال کرنے والے زرخرید سرکاری اہلکار تھے۔ اسی طرح ٹنگمرگ میں پچھلے دنوں جو سیاح پتھرائو کے نتیجے میں مارا گیا، عینی شاہدین کے مطابق پتھر چلانے والے شخص کی حفاظت کے لئے پولیس اہلکار وہاں بالکل اُس کے قریب موجود تھا۔ اس طرح کے حقائق اس حقیقت کو آشکارا کرنے کے لئے کافی ہیں کہ تحریک آزادی کو بدنام کرنے اور حریت پسند عوام کو تقسیم کرنے کے لئے بھارتی ایجنسیوں کا مکروہ دھندا جاری ہے، لیکن یہ بھی ایک عیاں حقیقت ہے کہ کشمیری عوام اس صورتحال کو اب سمجھ چکے ہیں۔ ترجمان کے مطابق کشمیری عوام اور عسکریت پسند ہر حربے اور چال کو سمجھنے اور اسے ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔