تانترے نے ورکروں کو اسمبلی انتخابات کیلئے تیار رہنے کی تلقین کی

 منڈی// پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کے ریاستی سیکر یٹری اور سابقہ ممبراسمبلی پونچھ شاہ محمد تانترے نے پارٹی کارکنوں کو تلقین کرتے ہوئے کہاکہ وہ آئندہ اسمبلی انتخابات کیلئے تیار رہیں ۔اسمبلی حلقہ کے لورن علا قہ میں پارٹی کارکنوں کیساتھ منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابقہ ممبراسمبلی نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ پارٹی کی مضبوطی کیلئے زمینی سطح پر کام کریں اور عوام کو درپیش مسائل کو اجاگر کریں ۔موصوف نے کہاکہ اس وقت ریاست جموں وکشمیر ایک مشکل دور سے گزر رہی ہے جبکہ تمام سیاسی پارٹیوں کو چاہیے کہ وہ سیاسی مفاد کو چھوڑ کر یکجا ہو جائیں تاکہ حالات کا مقابلہ کرسکیں ۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی کے دور اقتدار میں ریاست میں تعمیر وترقی کے بہترین کام ہوئے ہیں جبکہ اس دور میں آپسی بھائی چارے کی منفرد مثال بھی قائم ہوئے ہے ۔انہوں نے ریاستی انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ حالیہ دنوں میں ہوئی شدید بارشوں و ژالہ باری کی وجہ سے فصلوں کو ہو ئے نقصان کا کسانوں کو معاوضہ دیا جائے ۔اس موقعہ پر سرپنچ محمد اکرم، بشیر احمد ،الحاج بشیر خاکی ،سر پنچ غلام محمد، مشتاق احمد، حاجی محمد اکبر، عبدلجبار، بشیر ملک کے علاوہ متعدد لوگوں نے بھی خطاب کیا۔