سیول سوسائٹی نے ہول سیلروں کی طرف سے قیمتوں کو از خود بڑھانے کے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا
عظمیٰ نیوزسروس
بانہال // رمضان المبارک میں مارکیٹ چیکنگ کے باوجود قصبہ بانہال میں پھل ، سبزیوں اور مرغوں کی آسمان چھوتی قیمتوں سے عام صارفین پریشان ہیں اور محکمہ ہارٹیکلچر کے پلاننگ اینڈ مارکیٹنگ کی طرف سے روانہ مشتہر کی جانے والی ریٹ لسٹوں اور زمینی حقائق میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ خدا خوف سے عاری سبزیوں ،پھلوں اور مرغوں کے ہول سیلروں کی لوٹ کھسوٹ سے غریب صارفین کی قوت خرید جواب دے گئی ہے اور ہول سیل کے کاروبار سے جڑے تاجروں کے خلاف سخت کارروائی کرنا بہت ضروری ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف سے ریٹ لسٹ جاری کی جاتی ہے مگر زمینی سطح پر پھل اور سبزی فروش مقررہ قیمتوں سے دس سے پچیس روپئے تک فی کلو کے حساب آضافی رقم وصولتے ہیں ، جس کی وجہ سے پھل اور سبزیاں غریب اور مزدور پیشہ لوگوں کی قوت خرید سے باہر ہوگئی ہیں۔
اس سلسلے میں بات کرنے پر ڈی ڈی سی کونسلر بانہال امتیاز احمد کھانڈے نے کشمیر عظمی کو کہا کہ پلاننگ اینڈ مارکیٹنگ والوں کا زمینی سطح پر کوئی نام و نشان ہی نہیں ہے اور ان کی طرف سے جاری کی جانے والی ریٹ لسٹوں کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کو زمینی سطح پر عملانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بانہال کے سبزی اور پھل فروشوں کا کہنا ہے کہ ان کی قیمتیں ہول سیلروں کی طرف سے ہی تیز ہوتی ہیں اور جموں کے مقابلے میں بانہال کے ہول سیلرز بہت زیادہ قیمتیں لگاتے ہیں۔ انہوں نے ضلع اور تحصیل انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے ہول سیلروں کی جانچ کریں جن پر از خود قیمتیں بڑھانے کا الزام ہے اور ملوث پائے جانے والے ہول سیلرز کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ رام بن کی طرز پر بانہال میں بھی ایک سبزی منڈی کا قیام ضروری ہے اور عام لوگوں کو اس سے راحت نصیب ہوگی۔ سماجی کارکن اور رضاکار انجمن بانہال والنٹیئرس کے جنرل سکریٹری سید مدثر احمد نے کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ روزانہ کی بنیادوں پر ہارٹیکلچر پلاننگ اور مارکیٹنگ کیطرف سے جاری کی جانے والی ریٹ لسٹ اور دکانداروں کی طرف سے قیمت فروخت میں زمین آسمان کا فرق ہے اور سرکاری نرخ نامے اور سبزی اور پھلوں کی قیمتوں میں دس سے تیس روپئے کی تفاوت پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحصیلدار بانہال اور ٹی ایس او بانہال کیطرف سے یکم رمضان المبارک کو قصبہ بانہال میں کی گئی مارکیٹ چیکنگ سے مرغوں اور انڈوں کی قیمتیں اعتدال پر ائی ہیں اور مارکیٹ چیکنگ کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سبزیوں اور پھلوں کی آسمان چھوتی قیمتوں کی وجہ سے دیہاڑی دار مزدور کی حیثیت جواب دے گئی ہے اور اس کیلئے سبزی اور پھلوں کے کاروبار سے جڑے وہ بے ضمیر دکاندار خطاوار ہیں جو ماہ رمضان کے مبارک مہینے میں بھی لوگوں کو دو دو ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریٹ لسٹوں کی جانچ اور چیک کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی جانی چاہئے جس میں انتظامیہ اور سول سوسائٹی کے ممبران شامل ہونے چاہئیں تاکہ بانہال کے سبزی ، پھل اور مرغوں کے ہول سیل دکانداروں کیطرف سے قیمت خرید اور قیمت فروخت کو چیک کیا جائے۔