بی ہامہ چوک میں سات دوکانیں منہدم | ٹریفک جام سے نجات کی کوشش:انتظامیہ

گاندربل//بیہامہ چوک میں ٹریفک کا دباؤ کم کرنے کے تحت ضلع انتظامیہ گاندربل نے سات دوکانوںکو منہدم کرکے سڑک کو کشادہ کردیا ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر شفقت اقبال کی نگرانی میں میونسپل کمیٹی نے بی ہامہ چوک میں صورہ کنگن شاہراہ پر سات دوکانوں کو منہدم کردیا تاکہ اکثر اوقات ٹریفک جام سے عوام کو راحت مل سکے۔ 1985 میں میونسپل کمیٹی گاندربل کی جانب سے صورہ کنگن شاہراہ پر بی ہامہ چوک میں دو دوکانیں تعمیر کی گئی تھیں اوروقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس میں مزید پانچ دوکانوں کا اضافہ ہوگیا۔چونکہ تین دہائیوں میں ٹریفک کا دباؤ بہت زیادہ ہوگیا جس کا اثر بی ہامہ چوک پر پڑتا تھا جہاں اکثر بیشتر گھنٹوں ٹریفک جام رہتاتھا۔سوموار کو ضلع ترقیاتی کمشنر شفقت اقبال،اسسٹنٹ ریونیو کمشنر،تحصیلدار گاندربل،ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر،میونسپل کمیٹی کے چیئرمین الطاف لون کی نگرانی میں سات دوکانوں کو مسمار کرکے سڑک کو کشادہ کردیا گیا۔اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایاکہ بیہامہ چوک میں اکثر اوقات ٹریفک کا دباؤ زیادہ رہتا ہے اور یہ گاندربل کے عوام کی دیرینہ مانگ تھی کہ سڑک کی کشادگی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ منہدم کئے گئے دکانوں کے مالکان کوبس اڈے میں نئے تعمیر ہورہی دکانیں فراہم کی جائیں گی۔